مکروہ تحریمی و تنزیہی میں فرق

سوال:مکروہ تحریمی و تنزیہی میں کیا فرق ہے؟

یوزر آئی ڈی:پارٹی سپنٹ

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

مکروہ تنزیہی وہ عمل جسے شریعت نے ناپسند کیا ہو مگر اس کی ناپسندیدگی پر عذاب کی وعید بیان نہ کی ہو تو یہ مکروہ تنزیہی ہے۔ یعنی کرنا گناہ نہیں، لیکن بچنا بہتر ہے اور مکروہ تحریمی وہ عمل ہے جس کے کرنے سے بندہ گنہگار ہوتا ہے اور چند بار اس کا ارتکاب گناہ کبیرہ ہے اور یہ واجب کا مقابل ہے۔ مکروہِ تنزیہی کی وضاحت کرتے ہوئے علامہ شامی علیہ الرحمہ نقل فرماتے ہیں:”المکروہ تنزیھاً و ھو ما کان ترکہ اولی من فعلہ، و یرادف خلاف الاولی کما قدمناہ۔“یعنی مکروہِ تنزیہی سے مراد ایسا کام ہے کہ جسے چھوڑ دینا اس کے کرنے سے بہتر ہے، اور یہ خلافِ اولیٰ کا مرادف ہے، جیسا کہ ہم نے اسے ماقبل ذکر کیا ہے۔

(رد المحتار مع الدر المختار ، کتاب الطھارۃ، جلد 01، صفحہ 280، مطبوعہ کوئٹہ)

صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ مکروہ تحریمی کی تعریف بیان کرتے ہوے لکھتے ہیں :” مَکروہ تَحْرِیمی: یہ واجب کا مقابل ہے اس کے کرنے سے عبادت ناقص ہو جاتی ہے اور کرنے والا گنہگار ہوتا ہے اگرچہ اس کا گناہ حرام سے کم ہے اور چند بار اس کا ارتکاب کبیرہ ہے۔“

(بہار شریعت ، جلد01، صفحہ284، مکتبۃ المدینہ، کراچی،)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

25محرم الحرام1445ھ/13 اگست 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں