سوال:کون سی منت شرعی ہے اور کون سی غیر شرعی ہے؟
یوزر آئی ڈی:حسنین آصف
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
ہر اس عبادت کی منت ماننا جس کی قبیل سے کوئی فرض یا واجب ہو تو ایسی منت شرعی منت ہے اور اس منت کو پورا کرنا واجب ہوتا ہے جیسے نماز ،روزے ،درود پاک ،بکرا ذبح کرنے وغیرہ کی منتیں اور ایسے کام کی منت ماننا جس کی قبیل سے کوئی فرض یا واجب نہ ہو تو ایسی منت شرعی منت نہیں ہوتی اس کا پورا کرنا لازم نہیں جیسے میلاد شریف کی منت کہ اس کا پورا کرنا مستحب ہے لیکن واجب نہیں ایسے ہی ،مزار پر چادر چڑھانے کی منت،نیاز دینے کی منت وغیرہ لیکن یہ اچھے کاموں کی منتیں ہیں پورا کر لیں تو بہتر ہے لیکن انہیں پورا کرنا واجب نہیں ۔حاشیۃ الطحطاوی میں ہے: فما كان من جنسه عبادة أوجبها الله تعالى صح نذره وإلا لا ترجمہ:تو جس کی جنس سے کوئی ایسی عبادت کو جسے اللہ نے لازم کیا ہے تو اسکی نزر درست ہو گی وگرنہ نہیں ۔
(حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح شرح نور الإيضاح،کتاب الصوم،باب ما یلزم الوفاء به، صفحہ 693،دارالکتب العلمیہ،بیروت)
مجمع الانہرمیں ہے:لم يلزم الناذر ما ليس من جنسه فرض ترجمہ:جس کی جنس سے فرض نہ ہووہ منت ماننے والے پر لازم نہیں ہوتی۔
(مجمع الانھر،کتاب الأیمان،فصل حروف القسم،جلد1،صفحہ547،دار احیاء التراث العربی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
21ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/11جون2023 ء