مرد کا ٹھنڈک کے لیے مہندی لگانا

سوال: کیا مرد مہندی لگا سکتا ہے یا نہیں؟ کیا مرد ٹھنڈک کے لیے مہندی لگا سکتا ہے؟

یوزر آئی ڈی:آفتاب ملک

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

مرد کے لیے ہتھیلی اور پاؤں کے تلووں پر مہندی لگانا ناجائز و حرام ہے چاہے ٹھنڈک کے لیے ہو کیونکہ یہ عورتوں سے مشابہت ہے اور عورتوں سے مشابہت حرام ہے ہاں سر اور داڑھی کے بالوں کو مہندی لگانے میں حرج نہیں۔ سنن ابی داؤد میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ’’أن النبي صلى الله عليه وسلم أتي بمخنث قد خضب يديه ورجليه بالحناء،فقال النبي صلى الله عليه وسلم:’’ما بال هذا؟‘‘ فقيل : يا رسول الله،يتشبه بالنساء،فأمربه فنفي إلى النقيع ‘‘ترجمہ:نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت ميں ايک مخنَّث (یعنی ہيجڑے ) کو لايا گيا، اس نے اپنے ہاتھ پاؤں مہندی سے رنگے ہوئے تھے، آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے دریافت فرمایا:’’اس کا کيا معاملہ ہے؟‘‘ صحابہ کرام علیہم الرضوان نے عرض کی :يہ عورتوں کی مشابہت اختيار کرتاہے۔ تو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نےاسےجلا وطن کرنے کا حکم ارشاد فرمايا تو اُسےنقيع(مدینے سے دورایک مقام) کی طرف جلا وطن کر دیا گیا۔ (سنن ابی داؤد،کتاب الادب،باب في الحكم في المخنثين ،ج4،ص282، حدیث4928،بیروت)

سیدی اعلی حضرت فتاوی رضویہ میں ارشاد فرماتے ہیں:’’مرد کو ہتھیلی یاتلوے بلکہ صرف ناخنوں ہی میں مہندی لگانی حرام ہے کہ عورتوں سے تشبّہ ہے۔

(فتاوی رضویہ،ج24،ص542،رضا فاؤنڈیشن،لاھور)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

22ذو الحجۃ الحرام 1444ھ/11جولائی 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں