عادت کے دنوں کے بعد خون آنا

سوال:عورت کی عادت حیض کی سات دن ہو لیکن آٹھویں دن خون کا دھبہ لگے تو کیا یہ بھی حیض ہی ہے؟

یوزر آئی ڈی:ماجد عطاری

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

پوچھی گئی صورت میں آٹھویں دن آنے والا خون حیض ہی کا شمار ہو گا کیونکہ حیض کی کم سے کم مدت تین دن اور تین راتیں ہیں اور زیادہ سے زیادہ دس دن اور دن راتیں ہیں لہذا تین دن کے بعد دس دن کے اندر جب بھی خون آئے حیض ہی ہو گا ۔ صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:حَیض کی مدت کم سے کم تین دن تین راتیں یعنی پورے ۷۲ گھنٹے، ایک منٹ بھی اگر کم ہے تو حَیض نہیں اور زِیادہ سے زِیادہ دس دن دس راتیں ہیں ۔۔۔ یہ ضروری نہیں کہ مدت میں ہر وقت خون جاری رہے جب ہی حَیض ہو بلکہ اگر بعض بعض وقت بھی آئے جب بھی حَیض ہے۔۔۔ دس دن کے اندر رطوبت میں ذرا بھی میلا پن ہے تووہ حَیض ہے اور دس دن رات کے بعد بھی میلا پن باقی ہے تو عادت والی کے لیے جو دن عادت کے ہیں حَیض ہے اور عادت سے بعد والے اِستحاضہ اور اگرکچھ عادت نہیں تو دس دن رات تک حَیض باقی اِستحاضہ۔

(بہارشریعت،جلد1،حصہ2،صفحہ375ـ376،مکتبۃالمدینہ،کراچی)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

21شوال المکرم1444ھ/11مئی2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں