سوال:حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ کی عمر مبارک کیا تھی؟ ایک عالم نے 250سال بتائی۔
یوزر آئی ڈی:راؤ فیضان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
سیدنا سلمان فارسی رضی اللہ عنہ کی عمر مبارک ساڑھے تین سو(350) سال جبکہ بعض روایات کے مطابق 250 سال تھی۔ اور سیدنا سلمان فارسی رضی اللہ تعالی عنہ کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ سیدنا عیسی علیہ السلام کے تابعی اور حضور سید عالم ﷺ کے صحابی ہیں۔ حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:زُہدو قَناعت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنانے والے، تقویٰ اور پرہیز گاری کے پھولوں کو اپنے دامن پر سجانے والے، حضرتِ سیِّدنا عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے تابعی اور رحمتِ عالَم،نورِ مُجَسَّم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے صحابی ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے مشہور صحابیِ رسول،سَلْمانُ الخَیْر حضرت سلمان فارسی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ ہیں.
(مراٰۃ المناجیح،جلد8، صفحہ522ملخصاً)
معرفۃ الصحابہ میں ہے: آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے ساڑھے تین سو سال (جبکہ بعض روایات کے مطابق اڑھائی سو سال) کی طویل عمر پائی۔
(معرفۃ الصحابہ،ج2، ص455)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
26محرم الحرام1445ھ/14 اگست 2023 ء