سوال:سجدے میں جاتے ہوے پینٹ کو دونوں ہاتھوں سے اوپر کی طرف کھینچا تو نماز کا کیا حکم ہو گا؟
یوزر آئی ڈی:پارٹی سپنٹ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
سجدے میں جاتے ہوے دونوں ہاتھوں سے پینٹ یا شلوار اوپر کھینچنا مکروہ تحریمی و گناہ ہے ۔ فتاویٰ عالمگیری میں ہے:”یکرہ للمصلی ان یعبث بثوبہ او لحیتہ او جسدہ وان یکف ثوبہ بان یرفع ثوبہ من بین یدیہ او من خلفہ اذا اراد السجود کذا فی معراج الدرایۃ ولا باس بان ینفض ثوبہ کیلا یلتف بجسدہ فی الرکوع “یعنی نمازی کا اپنے کپڑے، داڑھی یا جسم کے ساتھ کھیلنا مکروہ ہے اور کپڑا سمیٹنا یوں کہ سجدہ کا ارادہ کرتے وقت آگے یا پیچھے سے کپڑا اٹھالے یہ بھی مکروہ ہے ۔ جیسا کہ معراج الدرایہ میں ہے اور کپڑا جھاڑنا تاکہ رکوع میں جسم سے چپک نہ جائے اس میں کوئی حرج نہیں ۔ (فتاویٰ عالمگیری ، جلد 1، صفحہ 105، مطبوعہ کوئٹہ )
فتاویٰ فیض الرسول میں ہے :”کپڑا سمیٹنا جیسا کہ ناواقف لوگ سجدہ میں جاتے ہوئے آگے یا پیچھے کے کپڑے کو اٹھاتے ہیں، یہ مفسد نماز نہیں بلکہ مکروہ تحریمی اور ناجائز ہے ۔ جس نماز میں ایسا کیا گیا ، اس نماز کا دوبارہ پڑھنا واجب ہے ۔ “
(فتاویٰ فیض الرسول ، جلد 1، صفحہ 276، مطبوعہ شبیر برادرز )
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
27ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/17جون2023 ء