سوال:پہلی رکعت میں سورۃ الکوثر اور دوسری رکعت میں سورۃ الاخلاص پڑھی تو کیا حکم ہے ؟
یوزر آئی ڈی:محمد ادریس
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
پوچھی گئی صورت میں کراہت تنزیہی کے ساتھ نماز ہو جائے گی کیونکہ نماز کی دوسری رکعت میں پہلی رکعت کی بنسبت لمبی قراءت کرنا مکروہ تنزیہی ہے جبکہ فرق واضح ہو اگر دونوں سورتوں کی آیات برابر ہوں تو تین آیات کی زیادتی سے کراہت آئے گی اور اگر آیات چھوٹی بڑی ہوں تو کلمات و حروف میں واضح فرق ہو تو کراہت آتی ہے اور سورۃ الکوثر اور سورۃ الاخلاص میں فرق واضح ہے ۔ صدر الشریعہ ،مفتی امجد علی اعظمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: دوسری رکعت کی قراء ت پہلی سے طویل کرنا مکروہ ہے جبکہ بیّن فرق معلوم ہوتا ہو اور اس کی مقدار یہ ہے کہ اگر دونوں سورتوں کی آیتیں برابر ہوں تو تین آیت کی زیادتی سے کراہت ہے اور چھوٹی بڑی ہوں تو آیتوں کی تعداد کا اعتبار نہیں بلکہ حروف و کلمات کا اعتبار ہے، اگر کلمات و حروف میں بہت تفاوت ہو کراہت ہے اگرچہ آیتیں گنتی میں برابر ہوں، مثلاً پہلی میں “اَلَمْ نَشْرَحْ “پڑھی اور دوسری میں “لم یکن” تو کراہت ہے، اگرچہ دونوں میں آٹھ آٹھ آیتیں ہیں۔ (بہار شریعت،جلد1،حصہ3،صفحہ548،مکتبۃ المدینہ،کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
16محرم الحرام1445ھ/4 اگست 2023 ء