سوال:حلال جانور کے بچے کو ذبح کرنے کی کوئی عمر مقرر ہے یا ایک دن کے بچے کو بھی ذبح کرنا جائز ہے؟
یوزر آئی ڈی:فہد خان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
حلال جانور کے بچے کو ذبح کرنے کی کوئی عمر مقرر نہیں ہے ایک دن کے بچے کو بھی ذبح کرنا جائز ہے لیکن اس بات کا خیال رہے کہ بلا وجہ ذبح کر کے اس کا گوشت پھینک دیا تو یہ جائز نہیں ہو گا بلکہ یہ اسراف ہو گا اور اسراف ناجائز و حرام ہے۔ فقیہ ملت حضرت علامہ مولانا مفتی جلال الدین احمد امجدی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:جس بکری کے پیٹ میں بچہ نکلے خواہ زندہ ہو یا مردہ اگر وہ شرعی طریقہ پر ذبح کی گئی ہے تو اس کا گوشت کھانا جائز ہے ۔ اور جو بچہ کہ اس کے پیٹ میں زندہ نکلے اگر چاہیں تو اس کو بھی ذبح کردیں اور چاہیں تو باقی رکھیں ۔ لیکن قربانی کے جانور میں زندہ بچہ نکلے تو اس کا ذبح کرنا ضروری ہے ۔
(فتاوی فیض الرسول جلددوم صفحہ428،شبیر برادرز ،لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
11ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/1 جون2023 ء