سوال:کیا حضور ﷺ کے صاحبزادے بچپن میں ہی وصال فرما گئے تھے؟
یوزر آئی ڈی:فرحان پختون
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
جی ہاں حضور ﷺ کے شہزادے بچپن میں ہی وصال فرما گئے تھے۔ زرقانی علی المواہب میں ہے: اُمّ المؤمنین حضرت سیّدتنا خدیجہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے بطنِ مبارک سے اعلانِ نبوت سے پہلے پیدا ہوئے۔ حضورِ اقدس صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی کنیت ابوالقاسم ان ہی کے نام پر ہے ، جمہور کے قول کے مطابق پاؤں پر چلنا سیکھ گئے تھے کہ ان کا وصال ہوگیا۔
(زرقانی علی المواھب ، جلد4،صفحہ416)
مدارج النبوۃ اور سیرت الانبیاء میں ہے:حضرتِ سیّدنا عبداللہ رضی اللہ تعالٰی عنہ اعلانِ نبوت سے قبل مکّۂ معظّمہ میں پیدا ہوئے اور بچپن ہی میں وصال فرمایا ، طیّب و طاہرانہی کا لقب ہے۔ حضرتِ سیّدنا ابراہیم رضی اللہ تعالٰی عنہ یہ سب سے چھوٹے شہزادے ہیں ، ذوالحجۃ 8ھ میں مدینۂ منورہ کے قریب مقام ’’عالیہ‘‘ میں حضرت سیّدتنا ماریہ قِبطیہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے شکم مبارک سے پیدا ہوئے اور 17 یا 18 ماہ کی عمر 10ربیع الاوّل10ہجری کو وصال فرماگئے۔
(مدارج النبوت ، 2 / 452-453 ، سیرت سیدالانبیاء ، ص593)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
19ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/9جون2023 ء