سوال:ہمارا پرنٹنگ کا کام ہے تو ہمارے پاس ہر طرح کی پرنٹنگ آتی ہے جس میں جانداروں کی تصاویر اور بے پردہ عورتوں کی تصاویر بھی ہوتی ہیں تو اس قسم کا پرنٹ نکالنا جائز ہے یا نہیں؟
یوزر آئی ڈی:رضا خان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
جس طرح جاندارکی تصویر بنانا جائز نہیں اسی طرح جاندار کی بنی تصویر کا پرنٹ نکالنا بھی جائز نہیں اور اسےبیچنا بھی ناجائز و حرام ہے اور بے پردہ خواتین کی تصاویر کا پرنٹ نکالنے اور بیچنے کا تو اور سخت حکم ہے کہ اس میں بے حیائی و فحاشی کو فروغ دینا بھی ہے۔عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:إن من اشد الناس عذابا يوم القيامة المصورونترجمہ: لوگوں میں سے سب سے زیادہ سخت عذاب والے تصویر بنانے والے لوگ ہیں۔ (صحیح البخاری،الحدیث 5950)
اعلیٰ حضرت امام اہلِ سنّت مولانا شاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں : “ کسی جاندار کی تصویر جس میں اس کا چہرہ موجود ہو اور اتنی بڑی ہو کہ زمین پر رکھ کر کھڑے سے دیکھیں تو اعضاء کی تفصیل ظاہر ہو ، اس طرح کی تصویر جس کپڑے پر ہو اس کا پہننا ، پہنانا یا بیچنا ، خیرات کرنا سب ناجائز ہے۔ (فتاویٰ رضویہ ، جلد24،صفحہ 567،رضا فاؤنڈیشن ،لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
16ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/6 جون2023 ء