سوال:بوقت ذبح کیا پڑھنا لازمی ہے؟
یوزر آئی ڈی:علامہ احمد فیضی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
بوقت ذبح، ذبح کرنے والے کے لیے اللہ کے ناموں میں سے کوئی نام ذبح کی نیت سے لینا ضروری ہے اگر جان بوجھ کر اللہ کا نام نہ لیا تو جانور حرام ہو جائے گا۔صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں: اللہ عز وجل کے نام ساتھ ذبح کرنا ۔ ذبح کرنے کے وقت اللہ تعالی کے ناموں میں سے کوئی نام ذکر کرے جانور حلال ہوجائے گا یہی ضروری نہیں کہ لفظ اللہ عزوجل ہی زبان سے کہے ، تنہا نام ہی ذکر کرے یا نام کے ساتھ صفت بھی ذکر کرے دونوں صورتوں جانور حلال ہوجاتا ہے مثلا اللہ اکبر ، اللہ اعظم ، اللہ اجل ، اللہ الرحمن ، اللہ الرحیم ، یا صرف اللہ یا الرحمن یا الرحیم کہے اسی طرح سبحان اللہ یا الحمد للہ یا لاالہ اللہ پڑھنے سے بھی حلال ہوجائے گا اللہ عز وجل کا نام عربی کے سوا دوسری زبان میں لیا جب بھی حلال ہوجائے گا۔۔۔۔ نام الٰہی(عزوجل) لینے سے ذبح پر نام لینا مقصود ہو اور اگر کسی دوسرے مقصد کے لیے بسم اﷲ پڑھی اور ساتھ لگے ذبح کر دیا اور اس پر بسم اﷲ پڑھنا مقصود نہیں ہے تو جانور حلال نہ ہوا مثلاًچھینک آئی اور اس پر الحمد ﷲ کہا اور جانور ذبح کر دیا اس پر نام الٰہی(عزوجل) ذکر کرنا مقصود نہ تھا بلکہ چھینک پر مقصود تھا جانور حلال نہ ہوا۔
(بہارشریعت،جلد3،حصہ15،صفحہ314،مکتبۃالمدینہ،کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
28ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/18جون2023 ء