سوال:ایام تشریق والے ایام میں جو نماز قضا ہو جائے تو اس کی قضا پڑھنے کے بعد کیا تکبیر تشریق کہنا واجب ہے؟
یوزر آئی ڈی:ندیم عزیز ساقی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اکیلے نماز پڑھنے والے پر یا اکیلے ان دنوں کی قضا نماز پڑھنے والے پر تکبیر تشریق کہنا واجب نہیں کہہ لے تو بہتر ہے ہاں اسی سال کی ان دنوں کی قضا نماز انہی دنوں میں اگر جماعت سے پڑھے تو تکبیر تشریق کہنا واجب ہے۔ صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:اور دِنوں میں نماز قضا ہوگئی تھی ایّام تشریق میں اس کی قضا پڑھی تو تکبیر واجب نہیں ۔ یوہیں ان دنوں کی نمازیں اور دنوں میں پڑھیں جب بھی واجب نہیں ۔ یوہیں سال گذشتہ کے ایّام تشریق کی قضا نمازیں اس سال کے ایّام تشریق میں پڑھے جب بھی واجب نہیں ، ہاں اگر اسی سال کے ایّام تشریق کی قضا نمازیں اسی سال کے انھیں دنوں میں جماعت سے پڑھے تو واجب ہے۔منفرد (اکیلے نماز پڑھنے والا) پر تکبیر واجب نہیں ۔مگر منفرد بھی کہہ لے کہ صاحبین کے نزدیک اس پر بھی واجب ہے۔
(بہارِ شریعت جلد1،حصہ 4،صفحہ786،مکتبۃ المدینہ،کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
8ذو الحجۃ الحرام 1444ھ/27جون2023 ء