اللہ ہر جگہ موجود ہے کہنا کیسا؟

سوال:یہ کہنا کہ اللہ پاک ہر جگہ موجود ہے کیسا ہے؟

یوزر آئی ڈی:قاری ارشاد

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

ایسا کہنا کفر ہے کیونکہ عقیدہ یہ ہے کہ اللہ عزوجل جگہ اور جہت وغیرہ سے پاک و منزہ ہے۔ کیونکہ جگہ میں وہ ہوتا ہے جس کا جسم ہو، جبکہ اللہ تبارک وتعالیٰ جسم سے پاک ہے۔ لہذا اللہ سبحانہ و تعالی کو کسی جگہ میں موجودہونے کو متعین کرنا یا اس کے لئے جہت و سمت یا جسم و اعضاء ثابت کرناکفرہے لہذا ایسا کہنے والے پر توبہ و تجدید ایمان و نکاح لازم ہے۔صدرُ الشَّریعہ، بدرُ الطَّریقہ حضرتِ علّامہ مولیٰنامفتی محمد امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ القَوِی فرماتے ہیں: اللہ تعالیٰ جِہَت(یعنی سَمت) و مکان وزَمان و حَرَکت وسُکون و شکل و صورت وَ جمیع حَوادِث سے پاک ہے ۔

(بہارِ شریعت،جلد،حصّہ1،صفحہ8،مکتبۃ المدینہ،کراچی )

شارح بخاری مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:یہ کہنا کہ اللہ تعالی ہر جگہ میں ہے ذرے ذرے میں ہے، ضرورکلمہ کفر ہے ۔

(فتاویٰ شارح بخاری ،کتاب العقائد، عقائد متعلقہ ذات و صفات الہیہ،جلد1،صفحہ113،دائرۃ البرکات)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

6محرم الحرام1444ھ/25جولائی 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں