سوال:اقامت کے وقت کب اٹھنا چاہیے؟حی علی الصلاۃ پر یا اللہ اکبر پر؟
یوزر آئی ڈی:قاری طلال عطاری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
حی علی الفلاح پر کھڑے ہونا سنت مستحبہ ہے یا تو حی علی الفلاح پر کھڑے ہوں یا پھر جب اقامت کہنے والا حی علی الصلاۃ پر پہنچے تو اٹھنا شروع کر دیں تاکہ حی علی الفلاح پر مکمل کھڑے ہو جائیں دونوں طرح درست ہے۔ صدرالشریعہ مفتی محمدامجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ القَوی فرماتے ہیں:”اقامت کے وقت کوئی شخص آیا تو اسے کھڑے ہو کر انتظار کرنا مکروہ ہے، بلکہ بیٹھ جائے جب حَیَّ عَلَی الْفَلَاحِ پر پہنچے اس وقت کھڑا ہو۔ یوہیں جو لوگ مسجد میں موجود ہیں، وہ بیٹھے رہیں، اس وقت اٹھیں،جب مُکَبِّرحَیَّ عَلَی الْفَلَاحِ پر پہنچے، یہی حکم امام کیلئے ہے۔آج کل اکثر جگہ رواج پڑگیا ہے کہ وقت اقامت سب لوگ کھڑے رہتے ہیں بلکہ اکثر جگہ تو یہاں تک ہے کہ جب تک امام مصلے پر کھڑا نہ ہو، اس وقت تک تکبیر نہیں کہی جاتی،یہ خلافِ سنّت ہے۔“
(بہار شریعت،جلد1، حصہ3،صفحہ471،مکتبۃالمدینہ،کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
16شوال المکرم1444ھ/07 مئی2023 ء