اشارے سے رکوع و سجود کرنے والے کا امامت کروانا

سوال:کمر کے درد کی وجہ سے امام صاحب کو ڈاکٹر نے سجدہ کرنے سے منع کیا ہے تو کیا امام صاحب کرسی پر بیٹھ کر اشارے سے جماعت کروا سکتے ہیں؟

یوزر آئی ڈی:محمد عمران ملک

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

پوچھی گئی صورت میں امام صاحب رکوع و سجود کرنے والوں کی جماعت نہیں کروا سکتے کیونکہ جو شخص رکوع و سجود سے عاجز ہو اور اشارے سے رکوع و سجود کرتا ہو ایسے شخص کے پیچھے رکوع و سجود کرنے والوں کی نماز درست نہیں ہے۔ صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں::’’ جو رکوع و سجود سے عاجز ہے یعنی وہ کہ کھڑے یا بیٹھے رکوع و سجود کی جگہ اشارہ کرتا ہو، اس کے پیچھے اس کی نماز نہ ہوگی جو رکوع وسجود پر قادر ہے اور اگر بیٹھ کر رکوع و سجود کر سکتا ہو تو اس کے پیچھے کھڑے ہو کر پڑھنے والے کی ہوجائے گی۔ ‘‘

(بہا ر شریعت ،جلد1،صفحہ571، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

18شوال المکرم1444ھ/09 مئی2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں