سوال:ارتغرل ڈرامہ دیکھنا کیسا؟اور یہ ڈرامہ دیکھنے والے امام کے پیچھے نماز کا حکم کیا ہے؟
یوزر آئی ڈی: محمد الیاس رضا
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
مروجہ ڈرامے جن میں جھوٹ ، بے حیائی ،بے پردگی ،عشقیہ و فسقیہ مناظر ،میوزک ،مردوں اور عورتوں کا اختلاط وغیرہ بہت سے غیر شرعی کاموں کا ارتکاب ہو رہا ہوتا ہے اور ارتغرل غازی ڈرامہ بھی ان غیر شرعی کاموں پر مشتمل ہے لہذا یہ یا اس طرح کا کوئی بھی ڈرامہ دیکھنا شرعا جائز نہیں بلکہ ناجائز و گناہ ہے اور اگر امام یہ ڈرامہ اعلانیہ طور پر دیکھتا ہے تو فاسق معلن ہے اور فاسق معلن کو امام بنانا جائز نہیں ایسے امام کے پیچھے نماز پڑھنا مکروہ تحریمی و گناہ ہے اگر پڑھ لی تو نماز کا اعادہ کرنا یعنی دوبارہ پڑھنا واجب ہے ۔ سیدی امام اہلسنت امام احمد رضا خان بریلوی علیہ الرحمہ فتاوی رضویہ میں فرماتے ہیں:اگر فاسق معلن ہے کہ علانیہ کبیرہ کا ارتکاب یا صغیرہ پر اصرار کرتا ہے تو اسے امام بنانا گناہ ہے اور اس کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی کہ پڑھنی گناہ اور پڑھ لی تو پھیرنی واجب۔
(فتاوی رضویہ ،جلد6،صفحہ601،رضا فاؤنڈیشن ،لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
30ذو الحجۃ الحرام 1444ھ/19جولائی 2023 ء