سوال:کیا آنلائن نکاح کیا تو نکاح ہو جائے گا؟
یوزر آئی ڈی:حافظ محمد سلیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
نکاح کے لیے ضروری ہے کہ ایک ہی مجلس میں دو گواہوں کے سامنے ایجاب و قبول کیا جائے اگر آنلائن ایک طرف سے ایجاب ہوا دوسری طرف سے قبول ہوا تو نکاح منعقد نہیں ہو گا کیونکہ نکاح کی شرط ،ایک ہی مجلس میں ایجاب و قبول کا پایا جانا ،نہ پایا گیا ہاں آنلائن نکاح کا وکیل بنا دیا جائے اور وکیل گواہوں کے سامنے نکاح پڑھا دے تو نکاح ہو جائے گا ۔ درمختار میں ہے: ومن شرائط الإيجاب والقبول: اتحاد المجلس ترجمہ: اور ایجاب و قبول کی شرائط میں سے ہے کہ مجلس کا ایک ہونا۔ اسکے تحت علامہ شامی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں: (قوله: اتحاد المجلس) قال في البحر: فلو اختلف المجلس لم ينعقد ترجمہ: مصنف کا قول کہ مجلس کا ایک ہونا بحر میں فرمایا کہ اگر مجلس مختلف ہوئی تو نکاح منعقد نہیں ہو گا۔
(رد المحتار علی الدرالمختار،کتاب النکاح،جلد3،صفحہ14،بیروت)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
28ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/18جون2023 ء