زکوۃ میں دَین اللہ اور دین العبد کا نکالنا

سوال: کيا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرعِ متین مسئلہ ذیل میں کہ اگر کسی کے اوپر پچھلے سال کی زکوۃ اور قربانی باقی ہے جو کہ اس پر واجب ہونے کے باوجود ادا نہیں کی تو کیا اس سال کی زکوۃ ادا کرتے وقت اس رقم کو الگ کریں گے کیونکہ وہ بھی ایک قسم کی liability ہے ؟

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اگر کسی کے اوپر پچھلے سال کی زکوۃ اور قربانی باقی ہے جو کہ اس پر واجب ہونے کے باوجود ادا نہیں کی تو اس سال کی زکوۃ ادا کرتے وقت اس رقم کو الگ کریں گے کیونکہ زکوٰۃ واجب ہونے کی شرط یہ ہے کہ وہ مال دین سے فارغ ہو، اگر دین میں مشغول ہو تو پھر وہ رقم اس میں سے نکال کر باقی مال کا حساب کیا جائے گا۔

درِ مختار شرح تنویر الابصار میں ہے: “ (فارغ عن دين له مطالب من جهة العباد) سواء كان لله كزكاة و خراج۔۔۔ الخ“۔

اس کے تحت فتاویٰ شامی میں ہے: “ (قوله كزكاة) فلو كان له نصاب حال عليه حولان ولم يزكه فيهما لا زكاة عليه في الحول الثاني۔۔۔ الخ “.

ترجمہ: زکوٰۃ واجب ہونے کے لئے مال کا اس دین سے خالی ہونا ضروری ہے جس کا بندوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہو، خواہ وہ اللہ کا ہو جیسے زکوٰۃ اور خراج۔

اگر کوئی شخص صرف ایک نصاب کا مالک ہو جس پر دو سال گزر چکے ہوں اور دونوں میں زکوٰۃ ادا نہ کی ہو تو اس پر دوسرے سال کی زکوٰۃ واجب نہیں ( ہاں وہ پہلے سال کی زکوٰۃ ادا کرے گا )۔

( رد المحتار علی الدر المختار، جلد 02، صفحہ 260، مطبوعہ دار الفکر بیروت )۔

بہارِ شریعت میں ہے: “ نصاب کا مالک ہے مگر اس پر دَین ہے کہ ادا کرنے کے بعد نصاب نہیں رہتی تو زکاۃ واجب نہیں، خواہ وہ دَین بندہ کا ہو، جیسے قرض، زرثمن کسی چیز کا تاوان یا ﷲ عزوجل کا دَین ہو، جیسے زکاۃ، خراج مثلاً کوئی شخص صرف ایک نصاب کا مالک ہے اور دو سال گذر گئے کہ زکاۃ نہیں دی تو صرف پہلے سال کی زکاۃ واجب ہے دوسرے سال کی نہیں کہ پہلے سال کی زکاۃ اس پر دَین ہے اس کے نکالنے کے بعد نصاب باقی نہیں رہتی، لہٰذا دوسرے سال کی زکاۃ واجب نہیں۔ ( بہارِ شریعت، جلد 01، حصہ 05، صفحہ 878، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ کراچی ).

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

سگِ عطار ابو احمد محمد رئیس عطاری بن فلک شیر غفرلہ

نظرِ ثانی: ابو احمد مفتی انس رضا قادری دامت برکاتہم العالیہ

( مورخہ 22 ذوالحجۃ الحرام 1444ھ بمطابق 11 جولائی 2023ء بروز منگل )۔

اپنا تبصرہ بھیجیں