سوال : کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے میں کہ بدھ مت، رام ،کشن، زرتشت وغیرہ جو دیگر مذاہب کے بانی ہیں ان کو نبی کہنا کیسا ہے؟
الجواب
اس سوال کے جواب سے پہلے یہ بات جاننا ضروری ہے کہ صرف وہم اور گمان سے کسی کو نبی یا رسول نہیں کہ سکتے بلکہ دلیل شرعی کا ہوناضروری ہے۔اور ان لوکوں کا نبی ہونا دلیل شرعی سے ثابت نہیں ہے لہذا انہیں نبی یا رسول ماننا سخت جہالت اور گمراہی ہے
جیسا کہ اعلی حضرت علیہ الرحمہ فتاوی رضویہ میں فرماتے ہیں کہ جس کا خلاصہ یہ ہے کہ بات یہ ہے کہ نبوت ورسالت میں اوہام وتخمین کو دخل حاصل نہیں
ﷲاعلم حیث یجعل رسٰلتہ (اللہ بہتر جانتاہے کہ اپنی رسالت کو کہاں رکھناہے۔ )
اللہ ورسول نے جن کو تفصیلا نبی بتایا ہم ان پرتفصیلا ایمان لائے، اور باقی تمام انبیاء اللہ پر اجمالا
قرآن پاک میں ہے کہ لکل امۃ رسول (ہر امت کےلئے رسول ہے)
اس سے یہ بات لازم نہیں کہ ہر رسول کو ہم جانیں یا نہ جانیں، توخواہی نخواہی اندھے کی لاٹھی سے ٹٹولیں کہ شاید یہ ہوشاید یہ ہو،کاہے کے لئے ٹٹولنااور کاہے کے لئے شاید،
قرآن میں ارشاد ہے کہ
امنا باﷲ ورسلہ (ہم اللہ تعالٰی اور اس کے رسولوں پر ایمان لائے۔)
ہزاروں امتیں ایسی گزری ہیں جن کا ہمیں نام ومقام تک معلوم نہیں
قرآن عظیم یاحدیث کریم میں رام وکرشن کا ذکر تک نہیں
فتاوی رضویہ کتاب السیر جلد 14 صفحہ 138
اسی طرح مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ نے فتاوی شارح بخاری میں بیان فرمایا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ بغیر کسی شرعی دلیل کے غیر نبی کو نبی کہنا کفر ہے اور مذکورہ بالا اشخاص کے نبی ہونے پر کوئی دلیل نہیں، بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ ان کے بارے میں جو حالات معلوم ہیں ان کے پیشے نظریہ لوگ نبی ہرگز نہیں ہو سکتے۔
ہمارے لیے صرف یہ بات ضروری ہے کہ قرآن و حدیث میں جن انبیاء کرام کے نام آئے ہیں، ان کے نام کے ساتھ یہ اعتقاد رکھیں کہ یہ نبی تھے اور جن کے نام قرآن و حدیث میں مذکور نہیں ان کے بارے میں اجمالی طور پر یہ ایمان رکھیں کہ جتنے بھی نبی اور رسول خدا کی طرف سے آئےسب پر حق ہیں
فتاوی شارح بخاری، کتاب العقائد ، جلد 1 صفحہ 611 دائرۃالبرکات۔
اسی طرح حضور فقیہ ملت کتاب انوارشریعت میں فرماتےہیں کہ
کسی شخص کو نبی کہنے کے لیے قرآن و حدیث سے ثبوت چاہیے، اور ہندوؤں کے پیشواؤں کے بارے میں نبی ہونے پر کوئی ثبوت نہیں ملتا اس لیے ہم انھیں نبی نہیں کہہ سکتے
(فتاوٰی فَقِیْہِ مِلَّت ج۱ ص ۲۴ شببیر برادرز)
حضرتِ فقیہِ ملّت مفتی جلالُ الدّین احمد امجدی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ القَوِی فرماتے ہیں : ’’ رام کرشن، گوتم بدھ وغیرہ ہرگز نبی نہیں ۔ انہیں نبی ورسول خیال کرنا سخت جَہالت وگمراہی ہے ۔ ‘‘
(فتاوٰی فَقِیْہِ مِلَّت ج۱ ص ۲۴ شببیر برادرز)
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل و
کتبہ محمد وقاص عطاری
نظر ثانی: ابو محمد مفتی انس رضا قادری حفظہ اللہ تعالی
28صفر المظفر 1443 ہجری
06 اکتوبر 2021