دورانِ اعتکاف مسجد میں غسل فرض ہوجائے

سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرعِ متین مسئلہ ذیل میں کہ دورانِ اعتکاف مسجد میں غسل فرض ہوجائے تو کیا حکم ہے؟       

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

دورانِ اعتکاف مسجد میں کسی پرغسل فرض ہوجائے تو آنکھ کھلتے ہی  فوراً مسجد سے باہر نکل جائے کہ تاخیرکرناحرام ہےاور تیمم کرکے نکلےکہ یہی اَحوط ( یعنی احتیاط کے زِیادہ قریب) ہے ۔

فتاویٰ امام قاضی خان میں ہے:” کان الرجل فی المسجد فغلبہ النوم واحتلم تکلموا فیہ قال بعضھم لایباح لہ الخروج قبل التیمم وقال بعضھم یباح “۔

ترجمہ: آدمی مسجد میں تھا کہ اسے نیند آگئی اور احتلام ہوگیا اس کے بارے میں علماء نے کلام کیا ہے بعض نے کہاتیمم سے پہلے اس کیلئے نکلنا جائز نہیں۔ اور بعض نے کہا جائز ہے ۔

 (فتاوٰی قاضی خان،   فصل فیما یجوزلہ التیمم،    جلد 01 ، صفحہ 31، مطبوعہ نولکشور لکھنؤ    )۔

میرے آقا اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ  رحمۃ الرحمٰن  فتاویٰ رضویہ شریف میں فرماتے ہیں : ” جنب کو جنب ہونا یاد نہ رہا مسجد میں چلا گیا اب یاد آیا یا معتکف مسجد میں سوتا تھا کہ اُسے جائز ہے یا غیر معتکف اگرچہ اُسے منع ہے اور نہانے کی حاجت ہُوئی یہ لوگ نہ مسجد میں چل سکتے ہیں نہ ٹھہر سکتے ہیں نہ مسجد میں غسل ہوسکتا ہے ناچار یہ صورت عجز ہُوئی فوراًتیمم کریں اگرچہ مسجد کی زمین یا دیوار سے اور معاً باہر چلے جائیں اگر جاسکتے ہوں اور اگر باہر جانے میں بدن یا مال پر صحیح اندیشہ ہے توتیمم کے ساتھ بیٹھے رہیں بیٹھنے کی صورت میں تیمم ضرور واجب ہے وخلافہ غیر بین ولامبین (اس کے برخلاف جو کہا گیا وہ نہ خود واضح ہے نہ اس پر کوئی بیان ودلیل) اور نکلنے کی صورت میں بہت اکابر اس تیمم کو صرف مستحب جانتے ہیں اور فوراً بلاتیمم نکل جانا بھی جائز جانتے ہیں اور احوط تیمم ہے ”۔

( فتاویٰ رضویہ، جلد 03، صفحہ479، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔

بہارِ شریعت میں ہے: ”         مسجد میں سویا تھا اور نہانے کی ضرورت ہوگئی تو آنکھ کھلتے ہی جہاں سویا تھا وہیں فوراً تیمم کر کے نکل آئے تاخیرحرام ہے ”۔  

( بہارِ شریعت، جلد 01، حصہ 02،  صفحہ352، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ کراچی ).

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

سگِ عطار ابو احمد محمد رئیس عطاری بن فلک شیر غفرلہ

  ابو احمد مفتی انس رضا قادری دامت برکاتہم العالیہ

( مورخہ 22 محرم الحرام 1442ھ بمطابق30اگست 2021ء بروزپیر)۔