جبریل علیہ السلام حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وزیر و خادم ہیں

جبریل علیہ السلام حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وزیر و خادم ہیں

سوال:کیاحضرت جبریل علیہ السلام حضور پاک علیہ الصلاۃ والسلام کے خادم ہیں؟

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

حضرت جبریل علیہ السلام حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کےوزیر اورخادم ہیں ۔ وزیر شاہ سلطنت کے ماتحت کام کرتاہے پتہ چلاکہ حضورکی بادشاہی آسمانوں پر بھی ہے۔ جبریل علیہ السلام حضور پاک علیہ الصلاۃ والسلام کے خادم ہیں جیسا کہ اکابِرعلماء کرام نےبیان کیا اور مشہور زمانہ بابرکت دُرود شریف “دُرودِتاج”کہ جسےعلماء وصوفیاء کرام بطور وظیفہ پڑھتے،پڑھاتےہیں،اس میں ہے:”وَجِبْرِیْلُ خَادِمُہٗ “یعنی جبریل علیہ السلام حضورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خادم ہیں۔

حضور پاک صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:” ما من نبی الا ولہ وزیران من اہل السماء ووزیران من اہل الارض فاما وزیرای من اہل السماء فجبرئیل ومیکائیل واما وزیرای من اہل الارض فابوبکر وعمر ” ہر نبی کے لیے دو وزیر آسمان والوں میں سے اور دو وزیر زمین والوں میں سے ہوا کرتے ہیں اور میرے دونوں آسمانی وزیرجبریل و میکائیل ہیں اور میرے زمین کے دونوں وزیرابوبکر وعمر ہیں۔ ( سنن الترمذی،کتاب المناقب،باب فی مناقب ابو بکروعمررضی اللہ عنہما،ج2،ص209،مطبوعہ کراچی)

سیدی اعلی حضرت علیہ رحمۃ رب العزت فرماتےہیں:”حضور پرنور انبیاء ومرسلین وملائکہ مقربین وخلق اللہ اجمعین سب سے افضل واعلٰی وبلند وبالا علیہ صلٰوۃ المولٰی تعالٰی۔کلماتِ علمائے کرام میں اس کی تصریح اورفقیر کے رسالہ ”اجلال جبریل بجعلہ خادما للمحبوب الجمیل ”میں تحقیق وتوضیح۔

(فتاوی رضویہ ،ج30،ص132،رضافاؤنڈیشن لاہور)

مفتی احمدیارخان نعیمی علیہ الرحمہ لکھتےہیں:” شبِ معراج کے سویرے جبریل امین نے دو دن مجھے نمازپڑھائی سب سے پہلے ظہر پڑھائی۔خیال رہے کہ حضرت جبریل حضور کے استاد نہیں بلکہ خادم ہیں،یہ نماز پڑھانا پیغامِ الٰہی پہنچانے کے لئے تھا۔یہ عملی رسالت تھی جو ادا کی اورکبھی مقتدی امام سے افضل ہوتاہے۔”

(مرآۃ المناجیح،جلد1،صفحہ361،قادری پبلشرز لاہور)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری

30 محرم 7144 ھ/26 جولائی 5202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں