روضہ رسول پرحاضرہوکراستغاثہ

روضہ رسول پرحاضرہوکراستغاثہ

سوال:کیاصحابہ کرام نے حضور علیہ السلام کے روضے پر حاضر ہوکر استغاثہ کیا،مشکل کےلئےپکارا؟

سائل:ملک وقاص

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

 ایسی روایات موجود ہیں کہ صحابہ کرام علیہم الرضوان نے آپ علیہ السلام کی بارگاہ میں حاضر ہوکراستغاثہ کیا،بلکہ اللہ پاک نے حضور کی بارگاہ میں حاضر ہوکراستغفارکرنے کاحکم دیاہے۔رب تعالی نےفرمایا:وَلَوْ اَنَّہُمْ اِذۡ ظَّلَمُوۡۤا اَنۡفُسَہُمْ جَآءُوۡکَ فَاسْتَغْفَرُوا اللہَ وَاسْتَغْفَرَ لَہُمُ الرَّسُوۡلُ لَوَجَدُوا اللہَ تَوَّابًا رَّحِیۡمًاo اور اگر جب وہ اپنی جانوں پر ظلم کربیٹھے تھے تو اے حبیب! تمہاری بارگاہ میں حاضر ہوجاتے پھر اللہ سے معافی مانگتے اوررسول(بھی) ان کی مغفرت کی دعا فرماتے تو ضرور اللہ کو بہت توبہ قبول کرنے والا، مہربان پاتے۔ (پارہ 5،نساء:64)

امیرالمومنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے دورِ خلافت میں قحط پڑ گیا تو صحابی رسول حضرت بلال بن حارث المزنی رضی اللہ عنہ نے سلطانِ دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قبرِ انور پر حاضر ہو کر عرض کی: یا رسولَ اللہ ! صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اپنی امت کے لئے بارش کی دعا فرما دیجئے وہ ہلاک ہو رہی ہے۔ سرکارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خواب میں ان سے ارشاد فرمایا: تم حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے پاس جا کر میرا سلام کہو اور بشارت دے دو کہ بارش ہو گی اور یہ بھی کہہ دو کہ وہ نرمی اختیار کریں۔ حضرت بلال بن حارث رضی اللہ عنہ بارگاہِ خلافت میں حاضر ہوئے اور خبر دے دی۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ یہ سن کر رونے لگے ، پھر فرمایا: یا رب !عزوجل، میں کوتاہی نہیں کرتا مگر اسی چیز میں کہ جس سے میں عاجز ہوں۔(مصنف ابن ابی شیبہ،کتاب الفضائل،ماذکرفی فضل عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ،ج7،ص482،الحدیث: ۳۵، وفاء الوفاء،الباب الثامن فی زیارۃ النبیﷺ،الفصل الثالث،ج2،ص1374)،حضور سیدُ المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات شریف کے بعد ایک اعرابی روضۂ اقدس پر حاضر ہوا اور روضۂ انور کی خاک پاک اپنے سر پر ڈالی اور عرض کرنے لگا:یا رسولَ اللہ! صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، جو آپ نے فرمایا، ہم نے سنا اور جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل ہوا ،اس میں یہ آیت بھی ہے’’وَلَوْ اَنَّہُمْ اِذۡ ظَّلَمُوۡۤا‘‘ میں نے بے شک اپنی جان پر ظلم کیا اور میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں اللہ عزوجل سے اپنے گناہ کی بخشش چاہنے حاضر ہوا ہوں تو میرے رب عزوجل سے میرے گناہ کی بخشش کرائیے ۔اس پر قبر شریف سے ندا آئی کہ تجھے بخش دیا گیا۔

(مدارک، النساء، تحت الآیۃ:64،ص236،صراط الجنان،ج2 ،ص236 – 238، ملتقطاً)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری

26 محرم 7144 ھ/22 جولائی 5202 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں