نماز میں ثناسبحانک اللہم پڑھنا
سوال: تکبیر تحریمہ کے بعدکی مختلف دعائیں احادیث میں موجود ہیں تو کیاہم وہ دعائیں پڑھ سکتےہیں؟
سائل:محمداحمدانور
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
ثناپڑھنا سنت ہے بہتر یہ ہے کہ فرائض میں ثنا سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ وَ بِحَمْدِکَ وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَ تَعَالیٰ جَدُّکَ وَ لَآ اِلٰہَ غَیْرُکَ پڑھی جائے،کہ یہ مختصر اورجامع ہے۔ روایات میں جودیگر دُعائیں منقول ہیں وہ نوافل میں پڑھی جائیں۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے:” کان رسول اللہ ﷺ اذا افتتح الصلاۃ قال سبحانک اللہم وبحمدک وتبارک اسمک وتعالی جدک ولاالہ غیرک ” نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز شروع کرتے تو کہتے اے اﷲ تو پاک ہے ہم تیری حمد کرتے ہیں برکت والا ہے تیرا نام،اونچی ہے تیری شان،تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔ (ابوداؤد،کتاب الصلاۃ،جلد1،صفحہ121،رقم:776،مطبوعہ لاہور)
مرآۃ المناجیح میں ہے:”یہ حدیث حنفیوں کی قوی دلیل ہے۔ خیال رہے کہ”سُبْحَانَكَ اللّٰھُمَّ”سے نماز شروع کرنا حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے۔فقہاء،صحابہ خصوصًا خلفائے راشدین،عبداﷲ ابن مسعود کا اس پر عمل۔بڑے علمائے امت سفیان ثوری، احمد بن حنبل،اسحاق ابن راہویہ،امام ابوحنیفہ اس پر عامل،تابعین عظام کا یہ معمول ہے۔یہ حدیث حضرت عائشہ صدیقہ،عبداﷲ ابن مسعود، حضرت جابر ابن مطعم اور ابن عمر وغیرہم صحابہ سے مروی ہے۔ – مرقات میں ہے کہ یہ دعائیں(جودیگرروایات میں منقول ہیں)شروع اسلام میں تھیں بعد میں”سُبْحَانَكَ اللّٰھُمَّ” الخ عمومًا پڑھتے تھے۔” اسی میں ہے:” تکبیرتحریمہ کے بعد اور سورۂ فاتحہ سے پہلے کون سی دعائیں پڑھنا سنت ہیں۔خیال رہے کہ اس بارے میں روایتیں مختلف ہیں۔بعض میں”اِنِّیۡ وَجَّہۡتُ وَجْہِیَ “الخ،بعض میں “سُبْحَانَكَ اللّٰھُمَّ” اور بعض میں دیگر دعائیں۔حق یہ ہے کہ نمازی کو اختیار ہے کہ فرائض ونوافل وغیرہ میں جو دعا چاہے پڑھے “سُبْحَانَكَ اللّٰھُمَّ”مختصر اور جامع ہے یہ پڑھنا بہتر ہے اس لیے احناف اکثر سبحان پڑھتے ہیں۔”
(مرآۃ،ج2،ص43، 40 ،و37،قادری پبلشرزلاہور)
بہارشریعت میں ہے:”تحریمہ کے بعد فوراً ثنا پڑھے اور ثنا میں وَجَلَّ ثَنَاؤُکَ غیر جنازہ میں نہ پڑھے اور دیگر اذکار جو احادیث میں وارد ہیں، وہ سب نفل کے ليے ہیں۔” (بہارشریعت،سننِ نماز،جلد1،صفحہ523،مکتبۃ المدینہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
30 محرم 7144 ھ/26 جولائی 5202 ء