مصافحہ کےوقت دعاءِ مغفرت کرنا

مصافحہ کےوقت دعاءِ مغفرت کرنا

سوال:مصافحہ کرتے وقت یغفراللہ لنا ولکم دُعا پڑھناکیسا؟

سائل:امتیاز عالم

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

جب دودوست آپس میں ملیں ،مصافحہ کریں اور اللہ پاک کی حمد کریں اور اس سے معافی چاہیں تو بخشش کر دی جاتی ہے لہذااس موقع پر یہ دُعا”یَغْفِرُاللہُ لَنَا وَلَکُمْ “کرنی چاہیئے۔

حضرت براءبن عازب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا”اذا التقی المسلمان فتصافحا وحمد اللہ واستغفراہ غفرلہما”جب دو مسلمان ملیں تو مصافحہ کریں اللہ تعالیٰ کی حمد کریں اور اس سے معافی چاہیں تو ان کی بخشش کردی جاتی ہے۔ایک اورروایت میں ہے: ” مامن مسلمین یلتقیان فیتصافحان الا غفر لہما قبل ان یفترقا”کوئی دو مسلمان نہیں جو آپس میں ملیں پھر مصافحہ کریں مگر ان کے جدا ہونے سے پہلے دونوں بخش دیئے جاتے ہیں۔ (سنن ابوداؤد،ج1،ص367، مطبوعہ لاہور)

مرآۃ المناجیح میں ہے:”مصافحہ سے گناہ صغیرہ جو ہاتھ سے کیے گئے معاف ہوجاتے ہیں،گناہ کبیرہ اور حقوق العباد معاف نہیں ہوتے(بلکہ یہ توبہ و استغفار کرنےسےمعاف ہوں گے)۔— یعنی مصافحہ کرتے وقت دونوں صاحب پہلے تو اللہ کی حمد اس کا شکر کریں کہ اس نے ان کو اسلام کی برکت سے بھائی بھائی بنا دیا پھر ہرشخص دونوں کے لیے دعائے مغفرت کرے کہ کہے:یغفر اللہ لنا ولکم ،بعض لوگ اس وقت درود شریف پڑھتے ہیں یہ بھی اچھا ہے کہ حضور کی سنت ادا کرتے وقت حضور پر درود شریف پڑھیں جن کے صدقہ میں یہ سنت ملی۔”

(مراۃ،ج6،ص255،قادری پبلشرزلاہور)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

محمدشاہدحمیدقادری

4 رجب 1446ھ/ 5 جنوری 2025ء

اپنا تبصرہ بھیجیں