شادی ہال میں کام کے دوران کسی کی رقم ملے تو کیا حکم ہے
سوال: ایک شخص شادی ہال میں ویٹرہے اسےوہاں سے اگر کچھ رقم مل جائے جووہاں کام کرنےوالوں میں سے کسی کی نہیں اور لوگ عموما ولیمہ وغیرہ دعوت کھاکر چلےجاتے ہیں تو اس کا کیا حکم ہوگا؟
سائل: ساجد رضا
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
حتی الامکان مالک کو تلاش کرے اور اس تک پہنچائے مالک کو یوں بھی تلاش کرنا ممکن ہے کہ ولیمہ کے میزبان کے ذریعے پوچھا جائے تاکہ مالک تک رسائی ہو۔کوشش کے باوجود نہ ملے تو خود حفاظت کرے یا مسکین پہ صدقہ کر دے اب اگر مالک آتا ہے تو اسے اختیار ہے صدقہ جائز کر دے تو ثواب ملے گا ورنہ رقم اٹھانے والےسےیا مسکین سے رقم لے لے۔
فتاوی ہندیہ میں ہے:”وإذا رفع اللقطة يعرفها فيقول: التقطت لقطة، أو وجدت ضالة، أو عندي شيء فمن سمعتموه يطلب دلوه علي، كذا في فتاوى قاضي خان. ويعرف الملتقط اللقطة في الأسواق والشوارع مدة يغلب على ظنه أن صاحبها لا يطلبها بعد ذلك هو الصحيح، ثم بعد تعريف المدة المذكورة الملتقط مخير بين أن يحفظها حسبة وبين أن يتصدق بها فإن جاء صاحبها فأمضى الصدقة يكون له ثوابها وإن لم يمضها ضمن الملتقط أو المسكين إن شاء لو هلكت في يده فإن ضمن الملتقط لا يرجع على الفقير وإن ضمن الفقير لا يرجع علی الملتقط وإن كانت اللقطة في يد الملتقط أو المسكين قائمة أخذها منه،”
(فتاوی ہندیۃ،کتاب اللقطۃ،جلد2،صفحہ289-290،دارالفکر بیروت)
بہار شریعت میں ہے:”ملتقط پر تشہیر لازم ہے یعنی بازاروں اور شارع عام اور مساجد ميں اتنے زمانہ تک اعلان کرے کہ ظن غالب ہو جائے کہ مالک اب تلاش نہ کرتا ہوگا۔ یہ مدت پوری ہونے کے بعد اُسے اختیار ہے کہ لقطہ کی حفاظت کرے یا کسی مسکین پر تصد ق کردے۔ مسکین کو دینے کے بعد اگر مالک آگیا تو اسے اختیار ہے کہ صدقہ کو جائز کردے یا نہ کرے اگر جائز کر دیا ثواب پائے گا اور جائز نہ کیا تو اگر وہ چیزموجود ہے اپنی چیز لے لے اور ہلاک ہوگئی ہے تو تاوان لے گا۔ یہ اختیار ہے کہ ملتقط سے تاوان لے یا مسکین سے، جس سے بھی لے گا وہ دوسرے سے رجوع نہیں کرسکتا۔”
(بہار شریعت، ج 2، حصہ 10، ص 475، مکتبۃ المدینہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
14 محرم الحرام 8144ھ/30 جون 6202 ء