حضرت سفینہ رضی اللہ عنہ کی کرامت
سوال: حضرت سفینہ کا شیر والا واقعہ مشہور ہے اس کی کیا حقیقت ہے؟
سائل:رخسارجٹ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
یہ واقعہ حدیث پاک کی کتاب مشکوۃ باب الکرامات میں شرح السنہ کے حوالے سے ہے،ملاحظہ کریں!
مشکوۃ وغیرہ میں ہے،ایک مرتبہ صحابۂ کرام علیہم الرضوان جہاد کے لئے رُوم(اِٹلی Italy) کی طرف گئےتو “ان سفينة مولى رسول الله صلى الله عليه وسلم اخطا الجيش بارض الروم او اسر فانطلق هاربا يلتمس الجيش فإذا هو بالاسد. فقال: يا ابا الحارث انا مولى رسول الله صلى الله عليه وسلم كان من امري كيت وكيت فاقبل الاسد له بصبصة حتى قام إلى جنبه كلما سمع صوتا اهوى إليه ثم اقبل يمشي إلى جنبه حتى بلغ الجيش ثم رجع الاسد ،رواه في شرح السنة “دوران ِسفر اللہ کے آخری نبی حضرت محمدمصطفی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلم کے پیارے صحابی حضرت سفینہ رضی اللہ تعالی عنہ پیچھے رہ گئے اور اپنے ساتھیوں کو تلاش کرتے کرتے ایک جنگل میں پہنچ گئے۔ اچانک ان کے سامنے ایک خوفناک شیر آگیا ۔ شیر کی نظر جیسے ہی آپ پر پڑی تو وہ حملہ کرنے کے لئےآگے بڑھا۔ شیر کو دیکھنے کےباوجود حضرت سفینہ رضی اللہ تعالی عنہ بالکل خوف زدہ نہیں ہوئے۔ جب آپ نے دیکھا کہ شیر حملہ کرنے والا ہے تو آپ نے بلندآوازسے شیرکو کہا اے ابوحارث! میں رسولُ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم کا غلام ہو ں، لشکرِ اسلام سے بچھڑ گیا ہوں اور لشکر کی تلاش میں ہوں۔ شیر نے جب یہ سنا کہ آپ اللہ کے پیارےنبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابی ہیں تو حملہ کرنے کے بجائے ادب سے اپنا سر جھکاکر دُم ہلاتاہوا آپ کے پاس آیا اور آپ کی حفاظت کے لئے آپ کے ساتھ ساتھ چلنے لگا۔ راستے میں کوئی خطرہ محسوس ہوتا یا کوئی آواز آتی تو شیر اس طرف چلا جاتا اور پھر آپ کے ساتھ ہو جاتا۔ جب آپ لشکرِ اسلام تک پہنچ گئے تو وہ شیر جنگل کی طرف واپس لوٹ گیا۔
(مشکوۃ،باب الکرامات،ج2،ص554،مطبوعہ لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالمصطفٰی محمدشاہدحمیدقادری
17 ذوالحج 7144ھ/3 جون 6202 ء