روٹی کے کچے کنارے چھوڑنے کا حکم

روٹی کے کچے کنارے چھوڑنے کا حکم

سوال: اگر روٹی کے کنارے کچے ہوں تو کیا انکو چھوڑ کر باقی حصہ کھایا جاسکتا ہے؟ یا انہیں کھانا ضروری ہے۔ سائل: محمد محبوب

بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اگر روٹی کے کنارے کچے رہ گئے ہوں اور ان کے کھانے سے نقصان ہو تو انہیں چھوڑنے میں حرج نہیں۔ البتہ اگر کنارے پکے ہوئے ہوں تو محض ناپسندیدگی کی بنا پر انہیں توڑ کر ضائع کرنا اسراف ہے، ہاں اگر توڑے گئے کنارے کوئی دوسرا شخص استعمال کرلے اور وہ ضائع نہ ہوں تو انہیں توڑنے میں حرج نہیں۔

بہار شریعت میں ہے: “روٹی کا کنارہ توڑ کر ڈال دینا اور بیچ کی کھا لینا اسراف ہے، بلکہ پوری روٹی کھائے، ہاں اگر کنارے کچے رہ گئے ہیں، اس کے کھانے سے ضرر ہوگا تو توڑ سکتا ہے۔ اسی طرح اگر معلوم ہے کہ یہ ٹوٹے ہوئے دوسرے لوگ کھا لیں گے، ضائع نہ ہوں گے تو توڑنے میں حرج نہیں۔ یہی حکم اس کا بھی ہے کہ روٹی میں جو حصہ پھولا ہوا ہے اسے کھا لیتا ہے، باقی کو چھوڑ دیتا ہے۔” (بہار شریعت، حظر و اباحت کا بیان، جلد3الف، حصہ16، صفحہ377، مسئلہ16، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

واللہ تعالی اعلم بالصواب

کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی

10جمادی الاولی 1448ھ 21 اکتوبر 2026ء

اپنا تبصرہ بھیجیں