ایک مجلس کی تین طلاقوں پر حدیث مرفوع
سوال: کیا فرماتےہیں علمائے دین اس بارے میں کہ وہابی غیر مقلد دعوی کررہے ہیں کہ ایک مجلس میں دی گئی اکٹھی تین طلاقوں پر کوئی ایک بھی مرفوع حدیث نہیں ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
غیر مقلدین کا مذکورہ دعوی درست نہیں، کیونکہ ایک مجلس میں دی گئی تین طلاقوں کے تین واقع ہونے پر احادیث مرفوعہ موجود ہیں۔ سنن ابن ماجہ میں حضرت فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہا کی روایت موجود ہے کہ ان کے شوہر نے یمن کی طرف روانہ ہوتے وقت انہیں تین طلاقیں دیں، جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نافذ فرمایا۔ ان طلاقوں کا ایک ہی موقع پر دیا جانا حدیث کے الفاظ سے ظاہر ہے، پھر امام ابن ماجہ رحمہ اللہ کا اس روایت کو “باب من طلق ثلاثا فی مجلس واحد” کے تحت ذکر کرنا بھی اس امر کی تائید کرتا ہے کہ یہ روایت ایک مجلس میں دی گئی تین طلاقوں سے متعلق ہے۔اسی طرح سنن دارقطنی میں اسی واقعہ کے ضمن میں “ثلاث تطليقات بكلمة واحدة” کے صریح الفاظ منقول ہیں، جو ایک ہی کلمے کے ذریعے تین طلاقیں دینے کو واضح کرتے ہیں۔ یونہی سنن ابی داؤد میں حضرت عویمر رضی اللہ عنہ کی جانب سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے تین طلاقیں دینے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے انہیں نافذ فرمانے کا ذکر ہے اور روایت کے الفاظ “ثلاث تطليقات عند رسول اللہ صلى اللہ عليہ وسلم” اکٹھی تین طلاقیں دینے پر دلالت کرتے ہیں۔ نیز روایات میں مذکور ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس شخص کے متعلق سوال کیا گیا جس نے اپنی بیوی کو ایک ہزار طلاقیں دی تھیں، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین طلاقوں کو مؤثر قرار دیتے ہوئے ان کے ازدواجی تعلق کے خاتمے کا حکم بیان فرمایا۔
سنن ابن ماجہ میں ہے: “طلقنی زوجی ثلاثا وهو خارج إلى اليمن فاجاز ذلک رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم۔”
(سنن ابن ماجہ، کتاب الطلاق، باب من طلق ثلاثا فی مجلس واحد، صفحہ470، روایت2024، مطبوعہ دار الفکر)
سنن الدار قطنی میں ہے: “ان حفص بن المغیرۃ طلق امرأتہ فاطمۃ بنت قیس علی عھد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ثلاث تطلیقات فی کلمۃ واحدۃ فابانھا منہ النبی صلی اللہ علیہ وسلم۔” (سنن الدار قطنی، کتاب الطلاق، جلد5، صفحہ23، روایت3922، مطبوعہ مؤسسۃ الرسالہ)
سنن ابی داؤد میں ہے: “فطلقھا ثلاث تطلیقات عند رسول ﷲ صلی اللہ علیہ وسلم فأنفذہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم۔” (سنن ابی داؤد، کتاب الطلاق، باب فی اللعان، صفحہ255، روایت2250، مطبوعہ بیت الافکار الدولیۃ)
سنن الدارقطنی میں ہے: “عن إبراھیم بن عبید اللہ بن عبادۃ بن الصامت عن أبیہ عن جدہ قال طلق بعض آبائی امرأتہ ألفا فانطلق بنوہ إلی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فقالوا یا رسول اللہ إن أبانا طلق أمنا ألفا فھل لہ من مخرج فقال إن أباکم لم یتق اللہ فیجعل لہ مخرجا بانت منہ بثلاث علی غیر السنۃ وتسعمائۃ وسبع وتسعون إثم فی عنقہ۔”(سنن الدارقطنی، کتاب الطلاق، جلد5، صفحہ36، مطبوعہ مؤسسۃ الرسالۃ)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ: ابو حزقیل محمد ارسلان جلالی
1 جمادی الاولی 1448ھ 13 اکتوبر 2026ء