کتنا علم حاصل کرنا فرض ہے
فتویٰ948:
کیا پورا علم حاصل کرنا فرض عین ہے یا ضرورت کا علم حاصل کرنا فرض ہے ؟
سائل : خادم الاسلام
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
اپنی ضرورت کے مسائل سیکھنا ہر مسلمان پر فرض ہے جبکہ اپنی ضرورت کے علاوہ مسائل سیکھنا فرض کفایہ ہے۔ مفتی احمد یار خان نعیمی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ” ہر مسلمان مرد عورت پر علم سیکھنا فرض ہے ، ( یہاں) علم سے مراد بقدر ضرورت شرعی مسائل مراد ہیں لہذا روزے نماز کے مسائل ضرور ( یعنی ضروری مسائل) سیکھنا ہر مسلمان پر فرض، حیض و نفاس کے ضروری مسائل سیکھنا ہر عورت پر ، تجارت کے مسائل سیکھنا ہر تاجر پر ، حج کے مسائل سیکھنا حج کو جانے والے پر عین فرض ہیں لیکن دین کا پورا عالم بننا فرض کفایہ کہ اگر شہر میں ایک نے ادا کر دیا تو سب بری ہو گئے۔“
(مراۃ المناجیح،جلد 1، صفحہ 196)
اعلی حضرت رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ” سب میں پہلا فرض آدمی پر اس کا علم ہے (یعنی بنیادی عقائد کا علم حاصل کرنا کہ جس سے آدمی صحیح العقیدہ سنی بنتا ہے اور جن کے انکار و مخالفت سے کافر یا گمراہ ہو جاتا ہے۔ ) اور اس کی طرف احتیاج میں سب یکساں، پھر علم مسائل نماز یعنی اس کے فرائض و شرائط و مفسدات جن کے جاننے سے نماز صحیح طور پر ادا کر سکے ، پھر جب رمضان آئے تو مسائل صوم، مالک نصاب نامی (یعنی حقیقتہ یا حکماً بڑھنے والے مال کے نصاب کا مالک) ہو تو مسائل زکوۃ، صاحب استطاعت ہو تو مسائل حج، نکاح کرنا چاہے تو اس کے متعلق ضروری مسئلے ، تاجر ہو تو مسائل بیع و شراء، مزارع پر مسائل زراعت، موجر و مستاجر پر مسائل اجاره، و علی ھذا القیاس ( یعنی اور اس پر قیاس کرتے ہوئے ) ہر مسلمان عاقل و بالغ مردو عورت پر اُس کی موجود و حالت کے مطابق مسئلے سیکھنا فرض عین ہے۔ اور انہیں میں سے ہیں مسائل حلال و حرام که ہر فرد بشر ان کا محتاج ہے اور مسائل علم قلب یعنی فرائض قلبیه مثل تواضع و اخلاص و توکل وغیر ہا اور ان کے طرق تحصیل اور محرمات باطنیہ تکبر وریا و عجب وحسد و غیر ہا اور ان کے معالجات کہ ان کا علم بھی ہر مسلمان پر اہم فرائض سےہے۔ “
(فتاوی رضویہ ، جلد23، صفحہ 623)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
02 ربيع الاخر 1445 ھ/ 18 اکتوبر 2023ء