لاش پر سرجری کا طریقہ سیکھنا

لاش پر سرجری کا طریقہ سیکھنا

فتویٰ881:

میں ایک ڈاکٹر ہوں اور ہماری کچھ ورکشاپ ہوتی ہیں جس میں انسانی لاشوں پر سرجری کےطریقے سکھائے جاتے ہیں ایسی چیز میں شرکت کرنا کیسا؟

سائل : جنید اقبال

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

انسانی لاش کو تجربات کے لئے استعمال کرنا کئی شرعی خرابیوں کا مجموعہ ہے۔ ایک تو اس میں میت کو اذیت دینا ہے جو کہ جائز نہیں کہ زندہ انسان کو جس چیز سے تکلیف ہوتی ہے میت کو بھی ہوتی ہے۔ دوسرا یہ کہ اس میت میں سرجری کر کے ورکشاپ کروانا انسانی تکریم کے خلاف ہے۔ تیسرا یہ کہ دفن میں بلا عذر تاخیر ممنوع ہے اور یہاں دفن میں بلاوجہ تاخیر کرنا پایا جارہا ہے۔ اسی طرح اس میں میت کی بے پردگی بھی ہو رہی ہوتی ہے حالانکہ غسل میت کے دوران بھی بے پردگی کی اجازت نہیں تو یہاں بدرجہ اولی ممانعت ہو گی۔ اب چونکہ اس کام میں گناہ کی صورت بھی ہے لہذا اس میں شامل ہونے کی بھی اجازت نہیں۔ شامی میں ہے : ” لان الميت يتاذى مما يتاذى به الحي والظاهر انها تحریمیة“ یعنی: اس لئے کہ میت کو ان چیزوں سے اذیت ہوتی ہے جس سے زندہ کو تکلیف ہوتی ہے۔

(شامی، جلد 1، صفحہ 612)

حدیث پاک میں ہے: ”اسرعوا بالجنازة “ترجمہ : جنازہ کو دفن کرنے میں جلدی کرو۔

(مسلم، حدیث 944)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله وسلم

ابو البنات فى از عطاری مدنی

08 شعبان المعظم 1445ھ / 19 فروری 2024 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں