فاریکس ٹریڈنگ

فاریکس ٹریڈنگ

فتویٰ867:

فاریکس ٹریڈنگ کا کام کرنا کیسا ؟ اس میں عموما کرنسی ، تیل اور سوناو غیر ہ بیچا جاتا ہے مگر بیچنے والے کا اس پر قبضہ نہیں ہوتا۔

سائل : حسام ہاشم

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

فاریکس ٹریڈنگ میں کتنی شرعی خرابیاں پائی جاتی ہیں ان میں سے ایک سوال میں ذکر کی گئی ہے کہ اس میں مال پر قبضہ کئے بغیر چیز آگے بیچ دی جاتی ہے اور منقولی (moveable) چیزوں کو قبضہ سے پہلے آگے بیچنا نا جائز ہے کیونکہ حدیث پاک میں اس سے منع کیا گیا ہے۔ بخاری شریف میں ہے: ”كانوا بیتاعون الطعام في اعلى السوق فيبيعونه في مكانه فنهاهم رسول الله ﷺ ان يبيعوہ في مكانه حتى ينقلوه “ترجمہ : لوگ بازار میں غلہ خرید کر اُسی جگہ( بغیر قبضہ کیے) بیچ ڈالتے تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے اسی جگہ بیع کرنے سے منع فرمایا، جب تک منتقل نہ کر لیں۔

(بخاری، حدیث 2167)

عمدة القاری میں ہے : ” قوله حتى ينقلوہ الغرض منه: حتى يقبضوہ لان العرف فى قبض المنقول ان ينقل عن مكانه“ ترجمه : منتقل کرنے سے مراد قبضہ کرنا ہے کیونکہ منقولی اشیاء میں عرف یہی ہے کہ اس جگہ سے منتقل کر کے قبضہ کرتے ہیں۔

(عمدۃ القاری، جلد 11، صفحه 410، دار الكتب العلميه)

الاختیار میں ہے: ”ولا يجوز بيع المنقول قبل القبض“ ترجمہ : منقولی کو قبضہ سے پہلے بیچنا جائز نہیں۔

( الاختیار ، جلد 2، کتاب البیوع، باب شروط صحۃ البيع، صفحه 8، دار الكتب العلميه )

والله اعلم عزوجل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم

ابوالبنات فراز عطاری مدنی

19 رجب المرجب 1445 ھ/ 31 جنوری 2024ء

اپنا تبصرہ بھیجیں