اشعار میں حضور ﷺ کو تو یا تم کہنا

اشعار میں حضور ﷺ کو تو یا تم کہنا

فتویٰ843:

ایک بندہ یہ اعتراض کرتا ہے کہ تم لوگ اشعار میں حضور ﷺ کو تم یا تو کہتے ہو یہ بے ادبی ہے اس حوالے سے کیا جواب ہے؟

سائل : شانی

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

ادب اور بے ادبی کا معنی و مفہوم صحابہ کرام علیھم الرضوان بہتر جانتے تھے اور ان کو تو بارگاہ رسالت کا ادب خود رب تعالی سکھاتا تھا ۔ صحابہ کرام علیھم الرضوان سے منقول ایسے اشعار موجود ہیں جس میں انہوں نے حضور ﷺ کے لئے ”ک “ضمیر کا استعمال فرمایا ہے جو کہ واحد مذکر حاضر کے لئے آتی ہے اور اردو میں اس کا ترجمہ ”تو “ یا ” تم “ہی بنتا ہے (لیکن حضور ﷺ کے لئے استعمال کی گئی ک ضمیر کا ترجمہ کرتے وقت ہم آپ ہی استعمال کریں گے)۔ یاد رہے کہ ادب و بے ادبی کا دارو مدار عرف پر ہے، بعض اوقات کوئی لفظ کسی جگہ پر بے ادبی تصور کیا جاتا ہے اور کہیں نہیں۔ حضور ﷺ کے لئے اردو میں تو اور تم کے الفاظ مخاطب و نثر میں بے ادبی سمجھے جاتے ہیں اشعار و نعت میں نہیں کیونکہ اشعار میں ردیف و قافیہ کی بڑی اہمیت ہے اور اس فن کی ساری خوبصورتی وزن میں پوشیدہ ہے، بعض اوقات وزن ”تو “ یا ” تم “ لانے سے صحیح ہوتا ہے اور کہیں ”آپ“ لانے سے ، لہذا جہاں جیسا وزن ہو تا ہے شاعر وہاں ویسا ہی لفظ لاتا ہے، لہذا کسی بھی بنا پر یہ بے ادبی نہیں۔ حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ کے مشہور اشعار ہیں: ” واحسن منك لم ترقط ! عينى و اجمل منك لم تلد النساء۔“

(سیرت مصطفی ، صفحہ 561)

جامعہ اشرفیہ مبارکپور کے رکن مجلس شوری و معروف ادیب ڈاکٹر شکیل اعظمی لکھتے ہیں: ” نظم میں معاملہ اس سے مختلف ہے۔ چنانچه قواعد اردو از مولوی عبد الحق میں صاف درج ہے کہ نظم میں اکثر مخاطب کے لیے تو لکھتے ہیں یہاں تک کہ بڑے بڑے لوگوں اور پادشاہوں کو بھی اسی طرح خطاب کیا جاتا ہے۔۔ اگر چہ لغوی اعتبار سے تو اور تیرا کے الفاظ کم تر درجے والوں کے لیے وضع کیے گئے ہیں لیکن اہل زبان پیار و محبت کے لیے بھی ان کا استعمال کرتے ہیں اور کسی بھی زبان میں اہمیت اہل زبان کے محاورات اور استعمالات ہی کو حاصل ہوتی ہے اس لیے نعت پاک میں ان کا استعمال، قطعاً درست ہے اور اس میں کسی طرح کی بے ادبی اور شرعی قباحت نہیں ۔“

(ماہنامہ اشرفیہ، ستمبر 2000ء مبارک پور ، صفحہ 48،49)

و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم

ابو البنات فر از عطاری مدنی

20 جمادی الاخر 1445ھ/ 03 جنوری 2024 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں