حالت اضطرار میں مردار کھانا

حالت اضطرار میں مردار کھانا

فتویٰ840:

انسان اگر بھوک سے مرنے کے قریب ہو جائے اور کوئی حلال چیز میسر نہ ہو تو مرد ار کھا سکتا ہے ؟

سائل : احمد رضا

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

مضطر یعنی ایسا شخص جس کو بھوک کے سبب ہلاکت کا خوف ہو اور کوئی حلال چیز وہ نہ پائے تو ا سے مردار اور دیگر حرام چیزیں بقدر ضرورت کھانے کی اجازت ہے۔ اللہ پاک فرماتا ہے: ”اِنَّمَا حَرَّمَ عَلَیْكُمُ الْمَیْتَةَ وَ الدَّمَ وَ لَحْمَ الْخِنْزِیْرِ وَ مَاۤ اُهِلَّ بِهٖ لِغَیْرِ اللّٰهِۚ-فَمَنِ اضْطُرَّ غَیْرَ بَاغٍ وَّ لَا عَادٍ فَلَاۤ اِثْمَ عَلَیْهِؕ-اِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ “ترجمہ : اس نے تم پر صرف مردار اور خون اور سور کا گوشت اور وہ جانور حرام کئے ہیں جس کے ذبح کے وقت غیر اللہ کا نام بلند کیا گیا تو جو مجبور ہو جائے حالانکہ وہ نہ خواہش رکھنے والا ہو اور نہ ضرورت سے آگے بڑھنے والا ہو تو اس پر کوئی گناہ نہیں، بیشک اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔

(البقره:173)

تفسیر : ” مضطر یعنی مجبور جسے حرام چیزیں کھانا حلال ہے وہ ہے جو حرام چیز کے کھانے پر مجبور ہو اور اس کو نہ کھانے سے جان چلی جانے کا خوف ہو اور کوئی حلال چیز موجود نہ ہو خواہ بھوک یا غربت کی وجہ سے یہ حالت ہو یا کوئی شخص حرام کے کھانے پر مجبور کرتا ہو اور نہ کھانے کی صورت میں جان کا اندیشہ ہو ایسی حالت میں جان بچانے کے لیے حرام چیز کا قدر ضرورت یعنی اتنا کھا لینا جائز ہے کہ ہلاکت کا خوف نہ رہے بلکہ اتنا کھانا فرض ہے۔“

(صراط الجنان، جلد 1، صفحه 275)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابوالبنات فر از عطاری مدنی

17 جمادی الاخر 1445 ھ/ 31 دسمبر 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں