شراب کی بوتلوں میں شہد بیچنا
فتویٰ839:
آج کل شراب کی بوتلوں میں شہد بیچا جاتا ہے کیا وہ شہد کھا سکتے ہیں ؟
سائل : دانش قریشی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
شراب کی بوتلیں اگر خالی ہوں اور اگر ان کو پاک کر لیا گیا اس طرح کہ اس کو پانی یا ایسی پتلی بہنے والی چیز جس سے نجاست دور ہو جائے دھو لیا اور ان بو تلوں میں سے شراب کا اثر مثلا بو وغیرہ ختم ہو جائے تو بوتلیں پاک ہو گئیں اب اس میں شہد ڈالنا اور اس کو استعمال کرنا جائز ہے۔ لیکن بوتلیں پاک کرنے میں یہ احتیاط کرنی ہوگی کہ شراب کے چھینٹے بدن یا لباس پر نہ اڑیں، اگر ان بوتلوں کو پاک کرنے میں لباس یا بدن ناپاک ہوتا ہو تو پھر اجازت نہیں ہوگی کہ یہ بلا وجہ پاک چیز کو ناپاک کرنا ہے۔ مفتی امجد علی اعظمی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ” جو چیزیں بذاتہ نجس نہیں بلکہ کسی نجاست کے لگنے سے ناپاک ہوئیں، ان کے پاک کرنے کے مختلف طریقے ہیں پانی اور ہر رفیق بہنے والی چیز سے (جس سے نجاست دور ہو جائے) دھو کر نجس چیز کو پاک کر سکتے ہیں، مثلاً سر کہ اور گلاب کہ ان سے نجاست کو دور کر سکتے ہیں تو بدن یا کپڑا ان سے دھو کر پاک کر سکتے ہیں۔۔۔ اگر نجاست دور ہو گئی مگر اس کا کچھ اثر رنگ یا بو باقی ہے تو اسے بھی زائل کرنا لازم ہے۔ “
(بہار شریعت، جلد 1، حصہ 2، صفحہ 397)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
08 جمادی الاخر 1445 ھ/22 دسمبر 2023ء