جو پیدا نہ ہوئے ان کو ایصال ثواب
فتویٰ823:
جو لوگ ابھی پیدا نہیں ہوئے ان کو ایصال ثواب کرنا کیسا؟
سائل : بنت الحق
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
جو لوگ ابھی پیدا نہیں ہوئے ان کو ایصال ثواب کرنا نہ صرف جائز بلکہ بہتر ہے کیونکہ ایصال ثواب میں تمام مومنین و مومنات کو شامل کرنا افضل ہے چاہے وفات پاگئے ہوں یا بعد میں آنے والے ہوں یا ابھی زندہ ہوں۔ اللہ پاک نے قرآن کریم میں ابراہیم علیہ السلام کی دعا کو بیان فرمایا ہے جو انھوں نے قیامت تک آنے والے مؤمنین و مؤمنات کے لئے مانگی ہے، چنانچہ ارشاد باری ہے: ” رَبَّنَا اغْفِرْ لِي وَلِوَالِدَيَّ وَ لِلْمُؤْمِنِينَ يَوْمَ يَقُومُ الْحِسَابِ “ ترجمہ : اے ہمارے رب ! مجھے اور میرے ماں باپ کو اور سب مسلمانوں کو بخش دے جس دن حساب قائم ہو گا۔
( ابراہیم : 41)
حدیث پاک میں ہے: ”ضحی رسول الله صلى الله علیه وسلم بکبشین اقرنين املحين احدهما عنه و عن اهل بيته والآخر عنه وعن من لم يضع من امته “ ترجمه رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے دو چتکبرے سینگ والے مینڈھوں کی قربانی کی، ایک اپنی اور اہل بیت کی جانب سے اور دو سر ی اپنی اور اپنے ان امتیوں کی طرف سے جو قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے۔
(المعجم الاوسط، جلد 2، صفحہ 250 ، حدیث 1891 ، دار الحرمین القاهره )
فتاوی رضویہ میں ہے : ” حضور اقدس صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے طفیل میں تمام انبیاء و اولیاء ومومنین و مومنات جو گزر گئے اور جو موجود ہیں اور جو قیامت تک آنے والے ہیں سب کو شامل کر سکتا ہے اور یہی افضل ہے۔ “
(فتاوی رضویہ ، جلد 9، صفحہ 622)
و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابوالبنات فر از عطاری مدنی
26 جمادی الاول 1445 ھ/ 11 دسمبر 2023 ء