مسلمان کا کسی کو نمستے کہنا
فتویٰ818:
کسی مسلمان کا کسی کو نمستے یا نمسکار کہنا کیسا؟
سائل : شاہد قادری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
نمستے یا نمسکار کا معنی ہے آداب، تسلیمات، سلام وغیرہ، لیکن چونکہ یہ لفظ ہندوؤں کے ساتھ خاص ہے کہ وہ ملتے وقت یہ کہتے ہیں لہذا مسلمان کا ایسا کہنا جائز نہیں اور دوسرا یہ کہ آداب اور تسلیمات سلام کے معنی میں ہے اور غیر مسلم کو سلام کرنے کی بھی اجازت نہیں لہذا سلام کی نیت سے بھی نہیں کہہ سکتے۔ فیروز اللغات میں ہے: ” نمستے: بندگی، آداب، تسلیم “
(فیروز اللغات، صفحہ 588)
بہار شریعت میں ہے: ”کفار کو سلام نہ کرے اور وہ سلام کریں تو جواب دے سکتا ہے مگر جواب میں صرف علیکم کہے۔“
(بہار شریعت، جلد 3، حصہ 16 ، صفحہ 461)
اسی میں ہے : ” اس زمانہ میں کئی طرح کے سلام لوگوں نے ایجاد کر لیے ہیں۔ ان میں سب سے بُرا یہ ہے جو بعض لوگ کہتے ہیں بندگی عرض یہ لفظ ہر گز نہ کہا جائے۔ آداب عرض کہتے ہیں، اگرچہ اس میں اتنی برائی نہیں مگر سنت کے خلاف ہے۔ بعض لوگ تسلیم یا تسلیمات عرض کہتے ہیں، اس کو سلام کہا جا سکتا ہے کہ یہ سلام ہی کے معنی میں ہے۔“
(بہار شریعت، جلد 3، حصہ 16 ، صفحہ 465)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله و سلم
ابوالبنات فر از عطاری مدنی
21 جمادی الاول 1445 ھ/ 06 دسمبر 2023ء