ڈالر میں بیسی ڈال کر ریٹ کے حساب سے دو سری کرنسی میں پیسے لینا
فتویٰ783:
میں اور میرے چند دوست بیسی ڈالنا چاہتے ہیں جس کا طریقہ یہ ہے کہ ڈالر میں 4 سال کے لئے بیسی ہو گی اور جس کی کھلے گی اسے اس دن کے ریٹ کے حساب سے پاکستانی کرنسی میں پے مینٹ کریں گے ایسا کرنا کیسا؟
سائل : فرخ مدنی
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
سوال میں بیان کئے گئے طریقہ کے مطابق کمیٹی ڈالنا جائز نہیں۔ اس کی پہلی وجہ یہ ہے کہ بیسی میں جو رقم جمع کروائی جاتی ہے اس کی حیثیت قرض کی ہے اور قرض کا حکم یہ ہے کہ اس کی مثل لوٹانا ضروری ہے اور یہاں جس کر نسی میں قرض دیا جارہا ہے اس کی مثل سے لوٹایا نہیں جارہا۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ جس دن کمیٹی ملے گی اگر اس دن ڈالر کاریٹ جمع کروائے گئے دن کے ریٹ سے زیادہ ہوا تو یہ قرض سے نفع حاصل کرنے کی صورت ہے جو کہ سود ہے۔ تیسری وجہ یہ ہے کہ اگر ڈالر کا ریٹ اس دن کم ہوا تو اس میں اپنے مال کو خطرے میں ڈالنے کے سبب جوئے کا پہلو ہے۔ عقود الدریہ فی تنقیح الفتاوی الحامد یہ میں ہے: ” رجل استقرض من آخر مبلغا من الدراهم و تصرف بهاثم غلا اسعرها فهل عليه رد مثلها نعم ولا ينظر الى غلاء الدراهم و رخصها “ ترجمہ : ایک شخص نے دوسرے سے کچھ در اہم قرض لئے اور ان کو استعمال کر لیا پھر درہم کا ریٹ بڑھ گیا تو کیا وہ اتنے ہی درہم واپس کرے گا ؟ جی ہاں اور در اہم کے بڑھتے ہوئے ریٹ کا اعتبار نہیں ہو گا۔
(عقود الدریہ ، جلد 1 ، باب القرض ، صفحہ 259)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
02 ربیع الاخر 1445 ھ/ 18 اکتوبر 2023ء