بچے کی جنس معلوم کرنا
فتویٰ738:
آٹھویں مہینے کے الٹراساؤنڈ میں بچے کی جنس معلوم کرنا کیسا تا کہ اس کی شاپنگ کی جاسکے ؟
سائل : انعم مظفر
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
اگر بطور علاج الٹرا ساؤنڈ کی حاجت ہو جو کہ عمومی طور پر کروایا جاتا ہے تو عورت سے کروانے میں حرج نہیں اور اسی رپورٹ میں ڈاکٹر سے جنس پوچھ لی جائے تو جائز ہے کہ یہ خاص جنس معلوم کرنے کے لئے نہیں کروایا گیا بلکہ روٹین کے علاج کی وجہ سے کروایا گیا ہے تاکہ بچے کی کیفیت معلوم کی جا سکے، الٹرا ساؤنڈ وہ منع ہے جو بلا حاجت مرد سے کروایا جائے یا فقط جنس معلوم کرنے کے لئے کروایا جائے۔ الاختیار لتعليل المختار میں ہے: ” والنظر إلى العورة حرام الا عند الضرورة “ ترجمہ : ستر عورت کو ضرورت کے علاوہ دیکھنا حرام ہے۔
( الاختيار، جلد 4 ، صفحہ 154)
بدائع الصنائع میں ہے: ” لا يجوز لها أن تنظر ما بين سرتها إلى الركبة الاعند الضرورة بأن كانت قابلة فلا بأس لها أن تنظر إلى الفرج عند الولادة “ ترجمہ: ایک عورت کے لیے جائز نہیں کہ دوسری عورت کے ناف سے لے کر گھٹنے تک کے حصے کو دیکھے ہاں جب ضرورت ہو یوں کہ وہ دائیہ ہو تو اب اس کو وقت ولادت دوسری عورت کی شرمگاہ کو دیکھنے میں حرج نہیں۔
(بدائع الصنائع، جلد 5 ، صفحہ 124)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فر از عطاری مدنی
25 محرم الحرام 1445 ھ/ 13 اگست 2023 ء