نفاس کے 40 دن بعد خون جاری
فتویٰ670:
ڈیلیوری کے بعد 40 دن سے زیادہ خون آیا اور 16 دن جاری رہا پھر دو دن وقفہ آیا پھر 19 ویں دن آیا پھر نہیں آیا تو اب نماز و غیرہ کا کیا حکم ہے؟ میرے چالیس دن 16 جنوری کو پورے ہوئے اور مجھے 25 جنوری کو طلاق ہو گئی تو عدت کب سے ہو گی ؟
سائل : بنت شکور
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
اگر یہ پہلی اولاد تھی تو چالیس دن نفاس کے ہوں گے اگر چہ 40 دن کے بعد خون آتا رہا ہو کیونکہ نفاس کی انتہائی مدت 40 دن ہے۔ نفاس اور حیض کے درمیان کم از کم 15 دن طہارت کے گزرنا ضروری ہیں، چونکہ خون 40 دن کے بعد بھی آتا رہا تو 15 دن تک یہ استحاضہ شمار ہو گا، اس کے بعد خون کم از تین دن رہا تو حیض ہو گا۔ 40 دن کے بعد 15 دن استحاضہ کے ہیں پھر 19 ویں دن تک یعنی 4 دن حیض کے ہیں۔ آپ کو طلاق استحاضہ کے دوران ہوئی اور وہ طہارت ہی کے ایام ہوتے ہیں تو اس کے بعد آنے والا حیض یعنی اوپر بیان کی گئی تفصیل کے مطابق جو 4 دن رہاوہ آپ کی عدت کا پہلا حیض تھا۔ حدیث پاک میں ہے : ” نبی پاک ﷺ نے نفاس والی عورتوں کے لئے چالیس دن میعاد مقرر فرمائی مگر یہ کہ وہ عورت اس سے پہلے پاک ہو جائے۔ “
(ابن ماجہ ، حدیث 649)
مفتی ساجد صاحب لکھتے ہیں: ”اگر تو یہ اس عورت کا پہلا بچہ ہے تو پھر اس عورت کا نفاس چالیس دن شمار ہو گا اور چالیس دن کے بعد جو خون آرہا ہے وہ استحاضہ ہے۔ “
(خواتین کے مخصوص مسائل ، صفحہ 62)
بہار شریعت میں ہے: ” یو ہیں نفاس و حیض کے درمیان بھی پندرہ دن کا فاصلہ ضروری ہے تو اگر نفاس ختم ہونے کے بعد پندرہ دن پورے نہ ہوئے تھے کہ خون آیا تو یہ استحاضہ ہے۔ “
( بہار شریعت ، جلد 1، حصہ 1 ، صفحہ 373)
و الله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
10 شعبان المعظم 1445ھ / 21 فروری 2024 ء