حیض ختم ہونے کے بعد بغیر غسل صحبت

حیض ختم ہونے کے بعد بغیر غسل صحبت

فتویٰ645:

حیض ختم ہونے پر بغیر غسل کئے صحبت کر سکتے ہیں ؟

سائل : طارق على

بسم الله الرحمن الرحيم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

اس کی مختلف صورتیں ہیں۔ (1) اگر عورت پورے دس دن (حیض کی انتہائی مدت) میں پاک ہوئی تو بغیر غسل کے صحبت جائز ہے مگر مستحب یہ ہے کہ غسل کر کے صحبت کرے۔ (2) اگر دس دن سے کم میں پاک ہوئی مگر عادت کے دن پورے ہو گئے تو جب تک غسل نہ کرلے (اگر غسل پر قادر نہیں تو تیمم کر کے نماز نہ پڑھ لے) یا جس نماز کے وقت میں پاک ہوئی وہ گزر نہ جائے صحبت جائز نہیں۔ (3) اگر عادت کے دن پورے ہونے سے پہلے خون رک گیا تو غسل کرنے کے باوجود بھی صحبت جائز نہیں جب تک عادت کے دن پورے نہ ہو جائیں۔ بہار شریعت میں ہے: ” پورے دس ۱۰ دن پر ختم ہوا تو پاک ہوتے ہی اس سے جماع جائز ہے، اگر چہ اب تک غسل نہ کیا ہو مگر مستحب یہ ہے کہ نہانے کے بعد جماع کرے۔ دس دن سے کم میں پاک ہوئی تو تا وقتیکہ غسل نہ کرلے یاوہ وقت نماز جس میں پاک ہوئی گزر نہ جائے جماع جائز نہیں اور اگر وقت اتنا نہیں تھا کہ اس میں نہا کر کپڑے پہن کر اللہ اکبر کہہ سکے تو اس کے بعد کا وقت گزر جائے یا غسل کر لے تو جائز ہے ورنہ نہیں۔ عادت کے دن پورے ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گیا تو اگر چہ غسل کرلے جماع نا جائز ہے تاوقتیکہ عادت کے دن پورے نہ ہو لیں۔ “

(بہار شریعت جلد 1 ، حصہ ،2 ، صفحہ 383)

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم

ابوالبنات فراز عطاری مدنی

25ربیع الاول 1445 ھ/ 12 اکتوبر 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں