صحبت سے پہلے طلاق
فتویٰ644:
اگر نکاح کے بعد صحبت سے پہلے ایک طلاق دی تو کیا عدت ہو گی ؟
سائل : بنت شجاعت
بسم الله الرحمن الرحيم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
اگر نکاح کے بعد نہ صحبت ہوئی نہ میاں بیوی کے درمیان خلوت صحیحہ ہوئی (یعنی ایسی تنہائی جس میں صحبت کرنا حقیقتا ممکن تھا) اور شوہر نے ایسی عورت کو طلاق دے دی تو اس پر عدت نہیں۔ اللہ پاک قرآن کریم میں فرماتا ہے: ” یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا نَكَحْتُمُ الْمُؤْمِنٰتِ ثُمَّ طَلَّقْتُمُوْهُنَّ مِنْ قَبْلِ اَنْ تَمَسُّوْهُنَّ فَمَا لَكُمْ عَلَیْهِنَّ مِنْ عِدَّةٍ تَعْتَدُّوْنَهَاۚ “ ترجمہ : اے ایمان والو ! جب تم مسلمان عورتوں سے نکاح کرو پھر انہیں بغیر ہاتھ لگائے طلاق دیدو توان پر تمہاری وجہ سے کوئی عدت نہیں جسے تم شمار کرو۔
(الاحزاب:49)
تفسیر : ” اس آیت سے معلوم ہوا کہ اگر عورت کو ازدواجی تعلق قائم کرنے سے پہلے طلاق دی تو اس پر عدت واجب نہیں۔۔ خَلُوتِ صحیحہ قربت کے حکم میں ہے ، تو اگر خلوت صحیحہ کے بعد طلاق واقع ہو تو عدت واجب ہو گی اگر چہ ازدواجی تعلق قائم نہ ہوا ہو۔“
( صراط الجنان، جلد 8 ، صفحہ 59)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلى الله علیه و آله وسلم
ابوالبنات فراز عطاری مدنی
20 ربیع الاول 1445 ھ/ 07 اکتوبر 2023ء