جس کے پاس دو گھر ہوں اس پر قربانی
فتویٰ622:
میں نے سنا ہے کہ اگر کسی کے پاس دو گھر ہوں ایک کرایہ پر دیا ہوا تو اگر اس کی مالیت نصاب کی قدر ہے تو قربانی واجب ہو گی لیکن اگر کسی کا ذریعہ معاش فقط یہی ہو تو اس کے لئے کیا حکم ہے؟
سائل : عبد الماجد
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
اگر کسی کے پاس دو گھر ہوں اور دوسرا اس نے کرایہ پر دیا ہو لیکن اس کا ذریعہ آمدنی فقط یہ کرایہ ہی ہو اور اس کے پاس ایسا کچھ نہیں جس سے قربانی واجب ہوتی ہو تو اب اس اضافی گھر کی وجہ سے قربانی واجب نہیں ہو گی۔ فتاوی اہلسنت میں ہے: ”اگر قربانی کرنے والے کے پاس آمدنی کا کوئی اور سبب موجود نہ ہو تو صرف اس کرائے والے مکان کی وجہ سے قربانی لازم نہیں ہو گی ، ہاں اگر آئندہ کبھی اس سے ملنے والی آمدنی بچ جائے اور وہ نصاب کے برابر ہوئی یا حاجت اصلیہ سے زائد کسی چیز سے مل کر نصاب کے برابر پہنچ گئی تو قربانی لازم ہو جائے گی۔ “
(فتاوی اہلسنت، قربانی کے فتاوی، صفحہ 15)
والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم
ابو البنات فر از عطاری مدنی
21 ذو القعدة الحرام 1445ھ/30 مئی 2024ء