اجتماعی قربانی میں بد مذہب شریک ہو

اجتماعی قربانی میں بد مذہب شریک ہو

فتویٰ618:

اجتماعی قربانی میں اگر غیر مسلم یا ایسا بد مذہب شامل ہو جائے جس کی بدمذ ہبی حد کفر تک پہنچی ہو تو باقی لوگوں کی قربانی کا کیا حکم ہو گا؟

سائل : حماد میمن

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب

اجتماعی قربانی کے درست ہونے کے لئے ضروری ہے کہ تمام حصہ داروں کی نیت قربت اور نیکی کی ہو اگرچہ قربت الگ الگ قسم کی ہو یعنی کسی کی نیت گوشت حاصل کرنے کی نہ ہو نہ ہی ان میں کوئی غیر مسلم ہو ، لہذا اجتماعی قربانی میں اگر کوئی غیر مسلم یا ایسا بدمذہب شامل ہو گیا جس کی بدمذہبی حد کفر تک پہنچی ہو تو کسی کی قربانی نہیں ہو گی کیونکہ غیر مسلم اہل قربت سے نہیں اور جب بعض کی طرف سے قربت واقع نہیں ہوگی تو کسی کی طرف سے نہیں ہوگی کیونکہ قربانی میں قربت کے حصے نہیں ہو سکتے۔ شرح النقایۃ میں ہے: ”و ان كان احدهم ای احد السبعة كافرا اور مریدا اللحم لا اى لا يصح عن احد لان الكافر ليس من اهل القربة وقصد اللحم ينافيها واذا لم يقع البعض قربة لم يقع الكل، اذ الاراقة لا تجزى فى حق القربة “ترجمہ : اگر (قربانی کرنے والے ) سات شریکوں میں سے کوئی ایک بھی غیر مسلم ہو یا اس کا ارادہ صرف گوشت حاصل کرنے کا ہو تو کسی ایک کی قربانی بھی نہیں ہو گی اس لئے کہ غیر مسلم اہل قربت سے نہیں اور گوشت کا ارادہ کرنا قربت کے منافی ہے اور جب بعض کی طرف سے قربت نہ ہوئی تو سب کی طرف سے قربت نہیں ہوگی کیونکہ حق قربت میں قربانی متجزی نہیں۔

( فتح باب العنايه ، جلد 3، کتاب الاضحیہ ، صفحہ 78، دار ارقم )

والله اعلم عزو جل و رسوله اعلم صلی الله علیه و آله و سلم

ابوالبنات فر از عطاری مدنی

12 ذو القعدة الحرام 1445ھ/21 مئی 2024ء

اپنا تبصرہ بھیجیں