قرآن کو بے وضو پڑھنا
کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ قرآن پاک کو وضو کئے بغیر زبانی پڑھ سکتے ہیں رہنمائی فرما دیجئے؟
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب الھم ھدایۃ الحق والصواب
پوچھی گئی صورت کا حکم شرعی یہ ہے کہ قرآن پاک کو چھوئے بغیر دیکھ کر یا زبانی بے وضو پڑھنے میں حرج نہیں،البتہ قرآن پاک کی تعظیم کیلئے وضو کر لینا مستحب ہے۔
امداد الفتاح مع نور الایضاح میں ہے:
”(و) لقراءۃ(قرآن وحدیث روایتہ) تعظیما لشرفھما“
ترجمہ: اور قرآن وحدیث پڑھنے اور اس(حدیث)کی روایت کرنے کیلئے (وضو کرنا مستحب ہے)ان دونوں(قرآن وحدیث)کی شرافت کی تعظیم کرتے ہوئے۔(امداد الفتاح شرح نورالایضاح و نجاۃالارواح، صفحہ89،مکتبہ رحمانیہ اردو بازار لاہور)
بہار شریعت میں ہے:
”سونے کیلئے اور سونے کے بعد اور میت کے نہلانے کا اٹھانے کے بعد اور جماع سے پہلے اور جب غصہ آجائے اس وقت اور زبانی قرآن پاک پڑھنے کیلئے ۔۔۔ان تمام صورتوں میں وضو کرنا مستحب ہے۔“(بہار شریعت، جلد1،حصہ2، صفحہ302، مکتبہ۔المدینہ کراچی)
واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب
کتبہ
ممبر فقہ کورس
22 شوال المکرم 1446ھ 21 اپریل 2025ء
نظرثانی:
مفتی محمد انس رضا قادری