اعتجار کسے کہتے ہیں؟

اعتجار کسے کہتے ہیں؟

کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ بعض کتب میں لکھاہے کہ ٹوپی پر عمامہ اس طرح باندھنا کہ چاروں طرف سر کے عمامہ ہو اور ٹوپی کادرمیان خالی ہو،تو یہ اعتجار ہے اور نماز مکروہ تحریمی ہوتی ہے ۔جبکہ فتاوٰی امجدیہ میں ہے کہ تحقیق یہ ہے اعتجار اس صورت میں ہے کہ عمامہ کے نیچے کوئی چیز سر کو چھپانے والی نہ ہو۔آپ رہنمائی فرمادیں۔

بسم اﷲ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الوہاب اللہم ہدایۃالحق والصواب

اعتجار سے حدیث پاک میں منع کیا گیا اور اس کی تفسیر میں مختلف اقوال ہیں ۔جو فتاوٰی امجدیہ میں کہا گیا وہی تحقیق درست ہے ۔اعتجار جو مکروہ اس کی یہی صورت ہے کہ سر کے گرد بغیر ٹوپی عمامہ باندھا جائے اور سر کادرمیان خالی ہو۔

البدائع الصنائع میں ہے

’’ویکرہ أن یصلی معتجرا لما روی عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم أنہ (نہی عن الاعتجار ) واختلف فی تفسیر الاعتجار‘‘

ترجمہ: حالت اعتجار میں نماز پڑھنا مکروہ ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مروی ہے آپ کہ آپ نے اعتجار سے منع فرمایا۔اعتجار کی تفسیر میں اختلاف ہے۔

(البدائع الصنائع،کتاب الصلوٰۃ،فصل واما بیان مایستحب فیہا و ما یکرہ، جلد1،صفحہ215،دارالکتاب العربی ،بیروت)

فتاوی ہندیہ،درمختار،التبیین، البحرالرائق وغیرہ میں ہے واللفظ للھندیۃ

”ویکرہ الاعتجار و هو أن يكور عمامته ويترك وسط رأسه مكشوفا كذافی التبیين ، قال الامام الولو الجی وهو يكره خارج الصلاة أيضا“

ترجمہ:اعتجار مکروہ ہے اور اعتجار یہ ہے کہ کوئی شخص عمامہ باندھے اور سر کے درمیان والا حصہ خالی چھوڈدے اسی طرح التبیین کتاب میں ہے امام ولوالجی علیہ الرحمۃ نے فرمایا کہ نماز کے علاوہ بھی اس طرح کرنا مکروہ ہے۔

(فتاوی ھندیہ،جلد اول، صفحہ 106، مطبوعہ اردو بازار لاہور)

مبسوط للسرخسی میں ہے

’’ويكره ان يصلي وهو معتجر لنهي الرسول عليه الصلاة والسلام عن الاعتجار في الصلاة وتفسيره ان يشد العمامة حول راسه ويبدي هامته مكشوفاً‘‘

ترجمہ:اعتجار کی حالت میں نماز پڑھنا مکروہ ہے، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حالت اعتجار میں نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے اور اعتجار یہ ہے کہ عمامے کو سر کے ارد گرد باندھا جائے اور درمیانی حصہ کھلا رہے ۔ (المبسوط للسرخسی، کتاب الصلوۃ، باب مکروھات الصلوۃ، جلد 1، صفحہ 31، مطبوعہ بیروت )

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــہ

ابو احمد مفتی محمد انس رضا قادری

04صفر المظفر 1445ھ22اگست 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں