کسی معزز دینی کے لیےتعظیما کھڑے ہونا
سوال: کسی کے آنے پر احتراما کھڑے ہونا کیسا ہے؟
User ID:حافظ محمد عرفان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
کسی معزز دینی یا والدین و اساتذہ وغیرہ کے آنے پر احتراما کھڑے ہونا جائز اور احادیث سے ثابت ہے ۔حکیمُ الْاُمّت حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ فرماتے ہیں: معلوم ہوا!قیامِ تعظیمی جائز ہے اور انسان خواہ کتنا ہی عظمت والا ہو مگر اپنے مُرَبِّی(تربیت کرنے والے) کا احترام کرے۔۔۔اس میں ہم لوگوں کو تعلیم ہے کہ جب دودھ پلانے والی دائی کا یہ ادب و احترام ہے تو سگی ماں کا ادب و احترام کیسا چاہیے۔۔۔یہ واقعہ خاص جنگِ حُنَیْن کے دن کا ہے کہ حضورِ انور ﷺاس جنگ سے فارغ ہوئے تھے،جماعتِ صحابہ میں تشریف فرما تھے کہ بی بی حلیمہ سعدیہ رَضِیَ اللہُ عَنْہا تشریف لائیں،حضورِ انور ﷺان کے لیے کھڑے ہوگئے اور جو چادر شریف اوڑھے ہوئے تھے ان کے لیے بچھادی،جب تک آپ(رَضِیَ اللہُ عَنْہا)تشریف فرما رہیں کسی اور سے کلام نہ فرمایا،ان ہی کی طرف متوجہ رہے، جب آپ واپس ہوئیں(تشریف لے جانے لگیں)تو بہت تحفے عطا فرمائے اور انہیں کچھ دُوْر رُخصت کرنے لئے چند قدم تشریف لے گئے ۔پھر خود حضورﷺنے یا کسی اور صحابی نے حاضرین سے فرمایا:یہ حضور ﷺکی دائی جناب حلیمہ ہیں جنہوں نے حضور کو دودھ پلایا ہے۔آج کے نوجوان یہ حدیثیں پڑھیں اور عبرت حاصل کریں کہ ہم لوگ سگی ماں کا بھی ادب نہیں کرتے۔
(مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح ،جلد5،صفحہ51،قادری پبلشر،لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
29صفر المظفر5144 ھ16 جولائی 2023 ء