وقتی نماز کی جماعت میں قضا کی نیت
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے میں کہ کیا بندہ ظہر کی قضا نماز عصر کی جماعت میں شامل ہو کر قضا کی نیت سے پڑھ سکتا ہے؟؟
User ID:محمد میمن
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
پوچھی گئی صورت میں ظہر کی قضا نماز عصر کی ادا نماز کی جماعت کے ساتھ پڑھنا جائز نہیں کیونکہ امام کی نماز مقتدی کی نماز کے مطابق نہیں دونوں فرض الگ الگ ہیں اور اقتداء کی شرائط میں سے ہے کہ امام کی فرض نماز مقتدی کی فرض نماز کے علاؤہ نہ ہو ورنہ مقتدی کی نماز نہیں ہو گی لہذا وقتی نماز پڑھنے والے کے پیچھے قضا پڑھنے والے کی نماز درست نہیں ہوتی۔نور الا یضاح میں اقتداء کی شرائط میں ہے :و أن لایکون الإمام مصلیاً فرضاً غیر فرضه ترجمہ: اور یہ کہ امام مقتدی کے فرض کے علاؤہ کوئی اور فرض پڑھنے والا نہ ہو۔
(نور الایضاح،صفحہ110،المکتبۃ العصریہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
3ربیع الثانی 5144 ھ19 اکتوبر 2023 ء