سنتوں کی آخری رکعت میں سورت نہ ملانا
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ سنتوں کی چوتھی رکعت میں بھول سورت فاتحہ کے بعد اگر سورت نہ ملائی اور نماز مکمل کر تو کیا حکم ہے؟
User ID:سراج
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
سنتوں کی ہر رکعت میں سورت فاتحہ کے بعد سورت ملانا واجب ہے اگر سورت ملانا بھول گئے تو سجدہ سہو کرنا واجب ہے اور اگر سجدہ سہو نہ کیا اور نماز مکمل کر لی تو نماز دوہرانا واجب ہے۔ صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:نماز میں جب کوئی واجب بُھولے سے رہ جائے تو اِس کی تلافی کے لیے سجدہ سہو واجب ہے۔ فرض کی پہلی دو رکعتوں میں اور نفل و وتر کی کسی رکعت میں سورۂ الحمد کی ایک آیت بھی رہ گئی یا سورت سے پیشتر دو بار الحمد پڑھی یا سورت ملانا بھول گیا یا سورت کو فاتحہ پر مقدم کیا یا الحمد کے بعد ایک یا دو چھوٹی آیتیں پڑھ کر رکوع میں چلا گیا پھر یاد آیا اور لوٹا اور تین آیتیں پڑھ کر رکوع کیا تو ان سب صورتوں میں سجدۂ سہو واجب ہے۔
( بہارِشریعت، جلد1، حصہ 4،صفحہ 710-708، مکتبۃالمدینہ،کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
14ربیع الاول 5144 ھ 1 اکتوبر 2023 ء