مرد کا بالوں کو پونی لگانا
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ مرد کے بال اگر بڑے بڑے ہوں تو کیا مرد بالوں میں ربڑ وغیرہ کے ذریعے پونی لگا سکتا ہے یا نہیں ؟
User ID:ایان عاطف
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ مرد کیلئے کندھوں سے نیچے تک بال بڑھانا اور پونی لگانا ناجائز و حرام اور گناہ ہے کہ اس میں عورتوں کے ساتھ مشابہت ہے ،اور حدیث ِ مبارک میں عورتوں کے ساتھ مشابہت اختیار کرنے والے مردوں پر لعنت کی گئی ہے۔ بخاری شریف میں ہے:”عن ابن عباس رضی اللہ عنهما قال: لعن رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم المتشبهين من الرجال بالنساء، والمتشبهات من النساء بالرجال “ ترجمہ:حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مردوں سے مشابہت اختیارکرنے والی عورتوں اور عورتوں سے مشابہت اختیار کرنے والے مردوں پر لعنت فرمائی ہے۔
(صحیح بخاری ،کتاب اللباس ،باب المتشبھون بالنساء ،جلد2صفحہ 874،مطبوعہ کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
29ربیع الثانی 5144 ھ14نومبر 2023 ء