مردہ دفن کرنے کے بعد تلقین کا طریقہ
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے میں کہ میت کو دفنانے کے بعد تلقین کرنے کا کیا طریقہ ہے ؟اور تلقین کا حکم کس حدیث سے ثابت ہے؟
User ID:سید محمد انیس
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
تلقین کے متعلق صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں :دفن کے بعد مردہ کو تلقین کرنا، اہل سنت کے نزدیک مشروع ہے۔۔۔۔حدیث میں ہے: حضور اقدس صلی اللہ تعالی علیہ و سلم فرماتے ہیں : جب تمہارا کوئی مسلمان بھائی مرے اور اس کی مٹی دے چکو تو تم میں ایک شخص قبر کے سرہانے کھڑا ہو کر کہے: یا فلاں بن فلانہ (یعنی اس کا اور اس کی والدہ کا نام لے)وہ سنے گا اور جواب نہ دے گا پھر کہے :یا فلاں بن فلانہ! وہ سیدھا ہو کر بیٹھ جائے گا پھر کہے یا فلاں بن فلانہ وہ کہے گا، ہمیں ارشاد کر اللہ عزوجل تجھ پر رحم فرمائے گا۔ مگر تمہیں اس کے کہنے کی خبر نہیں ہوتی۔ پھر کہے: اذكر ما خرجت عليه من الدنيا شهادة أن لا إله إلا الله وأن محمدا رسول الله وأنك رضيت بالله ربا وبالإسلام دينا وبمحمد نبيا وبالقرآن إماما ۔ نکیرین ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر کہیں گے، چلو ہم اس کے پاس کیا بیٹھیں جسے لوگ حجت سکھا چکے ، اس پر کسی نے حضور (صلی اللہ تعالی علیہ وسلم) سے عرض کی ، اگر اس کی ماں کا نام معلوم نہ ہو؟ فرمایا:حوا کی طرف نسبت کرے۔ رواہ الطبرانی فی الکبیر و الضیاء فی الاحکام و غیرھا۔ بعض اجلہ ائمہ تابعین فرماتے ہیں: جب قبر پر مٹی برابر کرچکیں اور لوگ واپس جائیں تو مستحب سمجھا جاتا کہ میت سے اس کی قبر کے پاس کھڑے ہو کر یہ کہا جائے : یا فلان بن فلان قل لا الہ الا اللہ ۔تین بار پھر کہا جائے: قل ربی اللہ و دینی الاسلام و نبیی محمد صلی اللہ تعالی علیہ وسلم ۔ اعلی حضرت قبلہ نے اس پر اتنا اور اضافہ کیا: و اعلم ان ھٰذین الذین اتیاک او یاتیانک انما ھما عبدان للہ لایضران و لاینفعان الا باذن اللہ فلاتخف و لا تحزن و اشھد ان ربک اللہ و دینک الاسلام و نبیک محمد صلی اللہ تعالی علیہ و سلم ۔ ثبتنا اللہ و ایاک بالقول الثابت فی الحیوۃ الدنیا و فی الآخرۃ انہ ھو الغفور الرحیم ۔
(بہارشریعت، ج 1، ص 850 ، 851 ، مطبوعہ :مکتبۃ المدینہ، کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
15ربیع الثانی 5144 ھ31 اکتوبر 2023 ء